ٹھٹھہ میں تھیلیسیمیا کا مرض تیزی سے پھیلنے لگا، 500 سے زائد بچے بچیوں میں مرض کا انکشاف

منگل 24 مارچ 2015 13:58

ٹھٹھہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2015ء) ٹھٹھہ ضلع میں تھیلیسیمیا خون کی کمی کا مرض تیزی سے پھیلنے لگا، 500 سے زائد معصوم بچے بچیوں میں مرض کا انکشاف، محکمہ صحت اور ای نجی اوز مرض کی روک تھام کیلئے کوئی موثر اقدامات نہیں کرسکے۔ تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ ضلع میں تھیلیسیمیا خون کی کمی کا مرض تیزی سے پھیلنے لگا ہے اور اس وقت ضلع ٹھٹھہ اور سجاول ضلع میں 500 سے زائد معصوم بچے اور بچیاں اس مرض میں مبتلا ہیں۔

(جاری ہے)

دونوں ضلعوں میں خون کی کمی تھیلیسیمیا کا کوئی سینٹر بھی قائم نہیں ہے اور محکمہ صحت یا کوئی این جی اوز اس بیماری کی روک تھام کرنے کیلئے کوئی بھی اقدامات نہیں کررہی ہے اس سلسلے میں صحافیوں کی ایک ٹیم نے سماجی کارکنان اور پیپلز یوتھ ونگ کے کوآرڈی نیٹر ممتاز علی شیخ، عمران بھٹی، عمر خشک کے ہمراہ متاثرہ ہونے والے بچوں کے والدین قادر سیخ، اکبر شورو، لیاقت بروہی اور دیگر سے ملاقات کی جنہوں نے اپنے بچوں میں خون کی بیماری کے بارے میں صحافیوں کو آگاہ کیا۔ متاثر خاندان نے میڈیا کو بتایا کہ خون کی کمی کی بیماری سے کئی معصوم بچوں کی ہلاکتیں بھی ہوچکی ہیں مگر محکمہ صحت یا کسی این جی اوز نے کوئی رابطہ نہیں کیا۔