ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مضرصحت جانوروں کے گوشت بیچنے کیخلاف تحریک التواء پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی

بدھ 25 مارچ 2015 19:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2015ء ) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب و پارلیمانی لیڈر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اخترنے مضرصحت جانوروں کے گوشت بیچنے کیخلاف تحریک التواء پنجاب اسمبلی کے سیکرٹریٹ میں جمع کروادی۔ڈاکٹر سید وسیم اختر کی جانب سے جمع کروائی گئی تحریک التواء میں کہاگیاہے کہ ”مضرصحت،گدھے،گھوڑے،کتے اور مردہ جانوروں کے گوشت کی فروخت کادھندہ اپنے عروج پرہے۔

(جاری ہے)

مفاد پرست اور لالچی عناصر اس کے ذریعے راتوں رات امیر بننے کے خواہاں ہیں۔اس میں شک نہیں کہ حکومت نے اس کی روک تھام کے لئے کچھ اقدامات بھی کئے ہیں لیکن اس کے باوجود یہ دھندہ عروج پر ہے اور اس کا سلسلہ کہیں رکنے میں نہیں آرہا۔حکومت کوچاہئے کہ وہ مضرصحت گوشت فروخت کرنے میں ملوث افراد کوسزا دلوانے کے لئے قانون سازی کرے تاکہ ان سماج دشمن عناصر کے خلاف موثر کاروائی کی جاسکے اور اس کاراستہ روکا جاسکے“۔