ڈپٹی ڈسٹرکٹ لائیو سٹاک آفیسر جھنگ کا ناقص و غیر معیاری گوشت فروخت کرنیوالوں کے خلاف کریک ڈاؤن ،

ملوث دکانداروں کو بھاری جرمانے ، حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنیوالے سخت کارروائی کی ہدایت

ہفتہ 28 مارچ 2015 21:37

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ2015ء)ڈپٹی ڈسٹرکٹ لائیو سٹاک آفیسر جھنگ ڈاکٹر حلیمہ سعدیہ نے ناقص و غیر معیاری چکن و دیگر گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کاآغاز کردیاہے جبکہ بعض دوکانداروں کو ہزاروں روپے جرمانہ بھی عائد کیاگیاہے۔ موصوفہ کے علم میں یہ بات لائی گئی تھی کہ شہر کے مختلف مقامات پر چکن فروش بیمار ، لاغر اور اسی قسم کی مرغیوں کو ذبح کرکے ان کا گوشت پانی میں ڈبونے کے بعد فروخت کیلئے پھٹوں ، کھوکھوں اور عارضی دوکانات کے باہر لٹکا دیتے ہیں جن پر نہ صرف ٹریفک کے باعث اڑنے والا گندا گرد وغبار پڑتارہتاہے بلکہ دھوپ میں لٹکے رہنے کے باعث اس کی تاثیر بھی بری طرح متاثر ہوتی ہے جس سے یہ ناقص گوشت انسانی صحت کو نقصان پہچانے کاموجب بن رہاہے۔

محکمہ لائیو سٹاک کے ترجمان نے بتایاکہ مذکورہ شکایات پر ڈاکٹر حلیمہ سعدیہ نے فوری کاروائی کرتے ہوئے بعض مقامات پر ذبح کرکے لٹکائے گئے مرغی کے ناقص گوشت کے فروخت کنندگان کو ہزاروں روپے جرمانہ عائد کیابلکہ انہیں خبردار کیاکہ آئندہ اس طرح مرغی کاگوشت ذبح کرکے کھلے عام نہ لٹکایاجائے بلکہ جب کوئی خریدار آئے تو اس کے سامنے زندہ مرغی ذبح کرکے فراہم کی جائے تاکہ موسم گرما کی آمد کے باعث موسمی بیماریوں کے پھیلاؤ کی روک تھام میں مدد مل سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر لائیو سٹاک ڈاکٹر حلیمہ سعدیہ نے مٹن اور بیف فروخت کرنے والی بعض دوکانات کا بھی اچانک معائنہ کیا اور وہاں مذبح خانہ میں لگائی جانیوالی مہروں کی چیکنگ کی۔ اس موقع پر انہوں نے تمام دوکانداران کو ہدایت کی کہ وہ گوشت کو ڈھانپ کررکھیں تاکہ جراثیمی مٹی ، گرد وغبار ، مکھیوں اور دیگر کیڑے مکوڑوں سے گوشت کو بچاتے ہوئے اسے حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق رکھاجاسکے۔ انہوں نے خبردار کیاکہ اگر کسی جگہ مذکورہ ہدایت کی خلاف ورزی پائی گئی تو متعلقہ دوکانداران کے ساتھ کوئی رعائت نہیں برتی جائے گی۔