بائیو میٹرک اٹینڈنس سسٹم ڈاکٹروں سمیت سب کے مفاد میں ہے،شہرام ترکئی،

ڈاکٹر برادری اس کو کامیاب بنانے میں حکومت کے ساتھ تعاون کرے ،،،صوبائی وزیرصحت

اتوار 29 مارچ 2015 23:18

پشاور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے صحت شہرام خان تراکئی نے سرکاری ہسپتالوں میں بائیو میٹرک اٹینڈنس سسٹم کو نہ صرف حکومت بلکہ خود ڈاکٹروں اور عوام کے لئے فائدہ مند قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اس نظام کو کامیاب بنانے کے لئے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں۔

وہ اپنے دفتر میں بائیو میٹرک سسٹم پر عملدرآمدکو یقینی بنانے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس نظام کے اجراء کا مقصد سرکاری ہسپتالوں میں بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا،ہسپتالوں کے معاملات میں شفافیت لانا اور ہسپتالوں میں ورک لوڈ کو بہتر انداز میں مینج کرکے ڈاکٹروں اور دیگر عملے پراضافی بوجھ کو ختم کرنا ہے تاکہ ہسپتالوں میں نہ صرف عملے بلکہ مریضوں کیلئے بھی ایک بہتر ماحول میسر ہو اور ان ہسپتالوں کی مجموعی کارکردگی بہتر ہوسکے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سیکرٹری صحت مشتاق جدون کے علاوہ تدریسی ہسپتالوں کے نئے سربراہان اور محکمہ صحت کے متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں سرکاری ہسپتالوں میں بائیو میٹرک اٹینڈنس سسٹم کو کامیاب بنانے اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اورہسپتال سربراہوں کوہدایت کی گئی کہ اس نظام پر عملدرآمدکو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور انتظامیہ سمیت تمام عملے کی بائیو میٹرک اٹینڈنس ان کے ڈیوٹی روسٹر کے ساتھ منسلک ہوگی۔ ڈاکٹروں اور دیگر عملے کے لئے جو بھی ڈیوٹی روسٹر ہوگا بائیو میٹرک اٹینڈنس اسی حساب سے ہوگی اس میں نہ کسی کے ساتھ کوئی زیادتی ہوگی اور نہ کسی پر غیر ضروری یا اضافی بوجھ ڈالا جائے گا۔صوبائی وزیر نے ہسپتال انتظامیہ کو بائیو میٹرک سسٹم کے حوالے سے اعتماد میں لینے کے لیے ضروری اقدامات کی بھی ہدایت کی