Live Updates

چیف جسٹس کی بحالی کے بعد حکمرانوں کی نیندیں اڑ چکی ہیں لیکن وہ ملک میں ایمر جنسی لگا کر ہی سکون کی نیند نہیں سو سکیں گے،مریت نے پہلے ہی ملک کا بیڑا غرق کر دیا ہے اور اب رہی سہی کسر ایمر جنسی لگا کر پوری کرنا چاہتے ہیں، سیاسی جماعتیں اور قوم ایمر جنسی کو کسی صو رت بھی قبول نہیں کرے گی اور اس کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا ،دولتانہ ، اقبال جھگڑا، عمران خان ،ر احسن رشید، حافظ حسین احمد، لیاقت بلوچ ،جہانگیر بدر ، شاہ محمود قریشی کا ردعمل

بدھ 8 اگست 2007 00:08

لا ہو ر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8اگست۔2007ء) پوزیشن کی سیاسی و دینی جماعتو ں نے ملک میں ایمر جنسی کے نفاذ کی خبروں پرتشو یش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں کو ایمر جنسی مہنگی پڑے گی او ر انہیں لینے کے دینے پڑ جائیں گے۔ آمریت نے پہلے ہی ملک کا بیڑا غرق کر دیا ہے اور اب رہی سہی کسر ایمر جنسی لگا کر پوری کرنا چاہتے ہیں۔ جو لوگ اس کی حمایت کریں گے قوم انہیں معاف نہیں کرے گی۔

چوہدری شجاعت نے ایمر جنسی کا مشورہ دے کر آمریت کے ساتھ ملکر قوم پر ایک اور ظلم کیا ہے ۔ جنرل مشرف اپنے ذاتی مقاصد کی بجائے ملک پر رحم کرتے ہوئے مستعفی ہو جائیں۔ مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر تہمینہ دو لتانہ ،سیکرٹری جنرل اقبال ظفر جھگڑا اور نواز شریف کے ترجمان سید زعیم حسین قادری نے کہا کہ حکمران ملک میں ایمر جنسی لگا کر شریف برادران کو ملک واپس آنے سے روکنا چاہتے ہیں لیکن ان کی یہ خواہش پوری نہیں ہوگی، انہیں عوام پر کئے گئے مظالم کا حساب دینا ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عدلیہ کی آزادی حکمرانوں کوہضم نہیں ہو رہی تھی اور وہ اپنے مقاصد کے حصول کیلئے ملک میں ایمر جنسی لگا رہے ہیں جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان، پنجاب کے صدر احسن رشید اور لاہور کے صدر شبیر سیال نے کہا ہے کہ ایمر جنسی لگانے کی باتوں سے جنرل مشرف کا اصل چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے پہلے ہی عوام کے بنیادی حقوق پر قبضہ کیا ہوا ہے اب ایمر جنسی لگا کر ناجانے کیا مقاصدحاصل کرنا چاہتے ہیں۔

ایمر جنسی کے نفاذ کی حمایت کرنے والے حکمران لیگ کے ممبران کو قوم کسی صورت بھی معاف نہیں کرے گی۔ جنرل مشرف سمجھ چکے تھے کے عدلیہ آزاد ہو گئی ہے اور وہ موجودہ اسمبلیوں سے دوبارہ منتحب نہیں ہو سکتے۔ اس لیے انہوں نے ایمر جنسی لگا کر اپنے ذاتی مفادات کو تحفظ دینے کی ناکام کوشش کی ہے۔ایم ایم اے کے رہنما حافظ حسین احمد، لیاقت بلوچ ،فرید احمد پراچہ ایمر جنسی لگنے کی خبروں پر تشو یش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران ملک میں ایمر جنسی لگا کر جو مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں وہ کبھی بھی پورے نہیں ہونگے ۔

سیاسی جماعتیں اور قوم ایمر جنسی کو کسی صو رت بھی قبول نہیں کرے گی اور اس کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا اور حکمرانوں کو اقتدار چھوڑنے پر مجبور کر دینگے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف بند گلی میں ہیں اور اس سے نکلنے کا راستہ ملک میں ایمر جنسی نہیں بلکہ اقتدار سے مستعفی ہونے سے ہی ممکن ہے۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر بدر ، پنجاب کے صدر شاہ محمود قریشی اور سیکرٹری اطلاعات فرزانہ راجہ نے کہا کہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی بحالی کے بعد حکمرانوں کی نیندیں اڑ چکی ہیں لیکن وہ ملک میں ایمر جنسی لگا کر ہی سکون کی نیند نہیں سو سکیں گے۔

پیپلز پارٹی ہر فورم پر ایمر جنسی کی بھرپور مخالفت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف اپنی ڈوبتی ہوئی کشتی کو سہارا دینے کے لیے ملک میں ایمر جنسی لگا رہے ہیں لیکن ان کے یہ مقاصد پورے نہیں ہونگے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات