پاکستان سمیت جنوبی ایشیاء کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر بیماریاں پھیلنے کا خطرہ ہے ۔اقوام متحدہ

جمعرات 9 اگست 2007 11:34

نیویارک (ٍٍاردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین09 اگست 2007) اقوام متحدہ نے پاکستان اور جنوبی ایشیاء کے دیگر ممالک میں سیلاب کے بعد بڑے پیمانے پر بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ متاثرین کو ہنگامی بنیادوں پر ادویات اور دیگر اشیائے خوردنی پہنچائی جائیں‘ متاثرین کو امداد بروقت نہ ملنے کی وجہ سے بڑے پیمانے پر ہلاکتیں ہوسکتی ہیں۔ امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) اور یونیسف نے کہا ہے کہ پاکستان میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں خاص کرکے صوبہ سندھ اور بلوچستان میں سیلاب کے کروڑوں متاثرین کو ہنگامی طور پر امداد نہ پہنچنے کی وجہ سے مختلف بیماریوں کا سامنا ہے ڈبلیو ایچ او اور یونیسیف کے مطابق سیلاب سے متاثرہ مختلف علاقوں میں سیلاب کا ٹھہرا ہوا پانی ڈینگو اور ملیریا کے لیے زرخیز زمین ہے۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کے مطابق سیلاب سے سڑکوں اور پلوں کو پہنچنے والے نقصان کے باعث امداد پہنچانے میں کافی دشواریاں پیش آرہی ہیں جبکہ سیلاب سے متاثرہ افراد کھلے آسمان تلے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق اگر جنوبی ایشیاء کے ممالک پاکستان‘ بھارت اور بنگلہ دیش میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرین میں فوری طور پر امداد نہ پہنچائی گئی اور بیماریوں سے بچاؤ کے لئے مناسب حفاظتی اقدامات نہ کئے گئے تو انسانی جانوں کو بڑے پیمانے پر خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔