پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ہرممکن کوشش کی جائے اس کام کو عبادت سمجھ کر کیا جائے،ڈپٹی کمشنر میرپور خاص

منگل 31 مارچ 2015 17:41

میرپورخاص( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31مارچ۔2015ء ) ڈپٹی کمشنرمیرپورخاص رشید احمد زرداری نے کہا ہے کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ہرممکن کوشش کی جائے اس کام کو عبادت سمجھ کر کیا جائے اس ضمن کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی اس کے لئے تمام شعبہ زندگی کے لوگوں اورتمام محکموں کو مل کر قومی فریضہ سمجھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔ یہ بات انہوں نے 6سے 8اپریل 2015تک ہونیوالی انسدادپولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے متعلق دربارہال میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ جس یوسی میں پولیوکے حوالے سے سیکیورٹی کے مسائل درپیش ہیں انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا ۔انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ جن بچوں کے والدین پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پلوانے سے انکار کررہے ہیں ان کے خدشات دورکرکے ان کو اپنے بچوں کو قطرے پلوانے پر آمادہ کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ پولیو ٹیموں کے کاموں کی نگرانی کی جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے تعلقہ فوکل پرسن ڈاکٹروں کی اجلاس میں عدم شرکت پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے شوکاز نوٹس دینے کی ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر غلام غوث قائم خانی نے میڈیکل افسران اورپولیو ٹیموں کے انچارجوں کو ہدایت کی کہ مہم کے دوران محنت سے کام کریں بصورت دیگر ان کے خلاف کاروائی کی جائیگی۔اجلاس میں ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر عالم آزاد نے بتایا کہ رواں سال میں پوری دنیا میں پولیوکے 21کیس ہیں جس میں سے 20پاکستان اور ایک افغانستان میں ہے انہوں نے کہا کہ اب تک سندھ میں 4پولیو کیس ہیں جس میں سے 2دادو،ایک سکھراور ایک قمبر میں ہے ۔

اس موقع پر محکمہ صحت کے ڈاکٹرخالد نے بتایاکہ فروری 2015تک 260ریفیوزل کیسز تھے جو کم ہو کر اب مارچ 2015تک 192ریفیوزل کیسز رہ گئے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس مہم کے دوران 50199بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ٹارگیٹ ہے جس کیلئے ضلعے کی تمام 7یونین کونسلوں میں 7یوسی ایم اوز،135ٹوٹل ٹیمیں ،110موبائیل ٹیمیں، 15فکسڈ ٹیمیں،29ایریاانچارجزاور 10ٹرانزٹ پوائنٹ مقرر کئے گئے ہیں ۔اجلاس میں ضلعے بھر کے تمام اسٹنٹ کمشنروں، پی پی ایچ آئی کے ڈسٹرکٹ سپورٹ منیجر،ڈائریکٹر پرائیویٹ انسٹیٹیوشنزعبدالحمید شیخ،،ایس اے خان ایڈوکیٹ، مفتی شریف سعیدی، مولانا صادق سعیدی اوردیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :