بہتر تعلیم اور صحت کی بہتر نگہداشت صحتمند قوم بنانے میں سنگ میل کی حیثیت رکھتاہے، اسدقیصر،

صحت کے معیار میں بہتری ہماری اولین ترجیح ہے، ،مقصد کیلئے بجٹ میں اضافہ بھی کیا گیا ہے،قائمقام گورنر خیبرپختونخوا

منگل 31 مارچ 2015 18:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31مارچ۔2015ء) خیبرپختونخوا کے قائمقام گورنراسدقیصر نے کہاہے کہ بہتر تعلیم اور صحت کی بہتر نگہداشت ایک صحتمند قوم بنانے میں سنگ میل کی حیثیت رکھتاہے۔ صحت کے معیار میں بہتری ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے اس کے بجٹ میں اضافہ بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل طبی تعلیم (CME) ڈاکٹروں کیلئے انتہائی ضروری ہے کیونکہ اس سے نہ صرف صحت کے حوالے سے ڈاکٹروں کے معلومات میں اضافہ ہوگابلکہ ان کو عملی شکل دینے میں بھی مدد گارثابت ہوگا اور صحت کے معیار میں بہتری آئیگی۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے منگل کے روزحیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور میں"کانٹی نیوس میڈیکل ایجوکیشن" کانفرنس میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

یہ کانفرنس سارک میڈیکل ایسوسی ایشن اورکامن ویلتھ میڈیکل ٹرسٹ ہیلتھ خیبرپختونخوا کی تعاون سے ایچ ایم سی پشاورمیں منعقد ہوا۔اس موقع پرکانفرنس کے شرکاء میں سرٹیفیکیٹ بھی تقسیم کئے گئے۔

اس موقع پرقائمقام گورنراسدقیصر نے کہا کہ پاکستان میڈیکل اورڈینٹل کونسل نے بھی اس بات کی حمایت کی ہے کہ اس طرح کے پروگراموں کومزید بہتر اور مناسب طریقے سے آگے بڑھانا چاہئے تاکہ نہ صرف ڈاکٹربرادری بلکہ میڈیکل سٹوڈنٹس ان پروگراموں سے مستفید ہوسکے اورصحت کے معیارکو مزید بہتر بناسکے۔ انہوں نے سی ایم ای کی کارکردگی کوسراہا اورکانفرنس میں زیربحث تعلیمی موضوعات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ میڈیکل کالجزکی ایڈمنسٹریشن ،تدریسی ہسپتالوں اوردیگرصحت عامہ ہسپتالوں میں مزیدبہتری لانے میں معاون ثابت ہوگا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قائمقام گورنرنے کہاکہ ہماری حکومت نے تدریسی ہسپتالوں کو انتظامی اور معاشی خودمختاری دی ہے جس سے صحت کی خدمات کی فراہمی میں بہتری آئیگی ۔ انہوں نے طبی شعبے میں تحقیق پر زوردیا تاکہ دنیا کے معیاری ریسرچ میں شامل ہوں۔