شام: داعش نے 30 شہریوں کو موت کی نیند سلا دیا

بدھ 1 اپریل 2015 13:12

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) شام کے وسطی صوبے حماہ میں سخت گیر جنگجو گروپ داعش نے ایک گاوٴں میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران دو بچوں سمیت کم سے کم تیس شہریوں کو ہلاک کردیا ۔برطانیہ میں قائم شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمان نے ان شامیوں کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے اور بتایا ہے کہ حماہ کے ایک گاوٴں مبوجح داعش کے جنگجووٴں نے خواتین اور بچوں سمیت ان افراد کو زندہ جلایاہے،ان کے سرقلم کیے ہیں یا پھر انھیں گولیوں سے بھون دیا ہے۔

(جاری ہے)

شام کے سرکاری ٹیلی ویژن نے اطلاع دی ہے کہ سرکاری سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کردیا ہے لیکن اس نے کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں دی ہے۔گاوٴں مبوجح صوبائی دارالحکومت حماہ سے مشرق میں واقع ہے اور یہاں اہل سنت کے علاوہ علوی اور اسماعیلی آباد ہیں۔واضح رہے کہ داعش کے جنگجو شام میں اقلیتوں کے علاوہ اپنے نظریات اور دین کی تفہیم سے اختلاف کرنے والے سنیوں کو بھی قتل کررہے ہیں۔مبوجح وسطی صوبے حمص اور شمالی صوبے حلب کو ملانے والی مرکزی شاہراہ پر واقع ہے اور داعش کے جنگجووٴں نے ماضی میں متعدد مرتبہ اس گاوٴں پر قبضہ کرنے اور اس روٹ سے سرکاری سکیورٹی فورسز کی آمد ورفت معطل کرنے کی کوشش کی ہے۔

متعلقہ عنوان :