عوام کے مسائل کے حل کیلئے حکومت ہرممکن اقدامات کر رہی ہے ،میر رحمت صالح بلوچ

صوبے میں پولیو کا خاتمہ حکومتی ترجیحات میں شامل ہے ،کسی قسم کی غفلت ،کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی،وزیر صحت بلوچستان

بدھ 1 اپریل 2015 22:09

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے صوبائی حکومت ہرممکن اقدامات کر رہی ہے ،صوبے میں پولیو کا خاتمہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے جس میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو اپنے دفتر میں مختلف علاقوں سے ہوئے وفود اور کوئٹہ میں جاری پولیو مہم کا جائزہ لینے کیلئے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔

میررحمت صالح بلوچ نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی قیادت میں عوام کے مسائل کے حل کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے عوام کو صحت ،تعلیم سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی صحت اور تعلیم کے بجٹ میں کئی گنا اضافہ کیا جس سے عوام کو صحت اور تعلیم کی بہتر سہولیات کی فراہمی میں مدد ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے صوبے بھر میں اسکول داخلہ مہم شروع کر رکھی ہے والدین کو چاہئے کہ وہ اپنے بچوں کو سکولوں میں داخلہ کرائیں تاکہ وہ پڑھ لکھ کر ملک کی باگ دوڑ سنبھال سکیں۔ میر رحمت بلوچ نے پولیو ورکرز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے سے پولیو کا خاتمے کیلئے مرحلہ وار پولیو مہم چلائی جارہی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں بلوچستان واحدصوبہ ہے جہاں صوبائی وزراء ، ارکان اسمبلی اورمختلف محکموں کے سیکرٹریز خود پولیو مہم کی نگرانی کر تے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ دور میں پولیو مہم کو کاروبار کے طور پر استعمال کیا گیا لیکن میں نے محکمہ صحت کا قلمدان سنبھالتے ہی پولیو مہم کے موثر انداز میں چلانے کیلئے اقدامات کئے۔ انہوں نے کہا کہ والدین کو چاہئے کہ وہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کیلئے محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ معصوم بچے عمر بھر کی معذوری سے بچ سکیں۔

متعلقہ عنوان :