ذہنی و جسمانی نشونما میں کمزوریوں کے شکار بچے خصوصی توجہ کے مستحق ہیں ‘خواجہ سلمان رفیق

خصوصی افراد کے ساتھ معاشرتی رویوں میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے‘مشیر صحت پنجاب

جمعرات 2 اپریل 2015 19:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء ) مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ بیماریوں کی روک تھام میں عوامی شعور اور آگاہی بنیادی اہمیت کی حامل ہیں ، طبی ماہرین بیماریوں کی روک تھام کے لئے کزن میرج کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں ، خصوصی افراد کے ساتھ معاشرتی رویوں میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات چلڈرن ہسپتال میں ذہنی و جسمانی نشونما میں پیچیدگیوں کی وجہ سے بچوں کو لاحق ہونے والی بیماری آٹزم کے عالمی دن کے موقعہ پر مریض بچوں کے والدین اور ہسپتال کے سٹاف کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی - اس موقعہ پر میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور ، پروفیسر شازیہ مقبول اور دیگر ڈاکٹرز بھی موجود تھے - اس موقعہ پر پروفیسر احسن وحید راٹھور نے بتایا کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق چلڈرن ہسپتال میں آنے والے مریض بچوں کا علاج 100 فیصد مفت کیا جاتا ہے وار تمام تشخیصی ٹیسٹ اور مہنگی ترین ادویات مریضوں کو مفت فراہم کی جاتی ہیں - ڈاکٹر احسن وحید راٹھور کا کہنا تھا کہ چلڈرن ہسپتال پبلک سیکٹر میں بچوں کا واحد سپیشلائزڈ انسٹی ٹیوشن ہے جہاں بچوں کے تمام امراض کی سہولیات ایک چھت تلے دستیاب ہیں - پروفیسر شازیہ مقبول نے کہا کہ بچوں میں آٹزم کی بیماری کی روک تھام کے لئے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے - خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ خصوصی افراد کی بحالی میں علاج کے ساتھ معالجین اور دیگر افراد کے رویوں کی بھی بہت اہمیت ہے -انہوں نے کہا کہ ہمیں خصوصی افراد کے ساتھ معاشرتی رویوں میں تبدیلی لانے کے لئے بڑے پیمانے پر آگاہی پیدا کرنا ہوں گی - اس موقعہ پر ورلڈآٹزم ڈے کی مناسبت سے ایک آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ہسپتال کے ڈاکٹرز ، نرسز اور زیر علاج بچوں کے والدین نے بھی شرکت کی ۔