اسلام آباد‘سی ڈی اے نے غیر معیاری اور حفظان صحت کے اصولوں کے برعکس دودھ کی فروخت اورترسیل کیخلاف مہم کا آغاز

جمعرات 2 اپریل 2015 21:33

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء ) ممبر ایڈمنسٹریشن و اسٹیٹ عامر علی احمد کی ہدایت پر سی ڈی اے کے میونسپل ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹوریٹ نے اسلام آباد میں غیر معیاری اور حفظان صحت کے اصولوں کے برعکس دودھ کی فروخت اورترسیل کے خلاف مہم کا آغاز کیا ہے۔سی ڈی اے نے پاکستان پیور فوڈ آرڈیننس 1960 (Pakistan Pure Food Ordinance 1960) کے تحت خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سلسلے میں سی ڈی اے کی میونسپل ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹوریٹ کی خصوصی ٹیموں نے ہیلتھ سروسز ڈائریکٹوریٹ کے ہیلتھ انسپیکٹر کے ہمراہ اسلام آباد میں غیر معیار ی دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف چھاپے مار رہی ہے ۔میونسپل ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹوریٹ کی خصوصی ٹیمیں صبح سورج طلوع ہونے سے قبل اسلام آباد میں داخلے کے وقت غیر معیاری دودھ فروخت کرنے والوں پر چھاپے مار رہی ہے ۔

(جاری ہے)

ان خصوصی ٹیموں نے 500لیٹر غیر معیاری دودھ کو ضبط کر کے تلف کیا ہے۔ میونسپل ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹوریٹ نے غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف مہم کو مزید تیز کرنے اور اس کا دائرہ کار پورے اسلام آباد میں پھیلانے کا فیصلہ کیاہے ۔ممبر ایڈمنسٹریشن و اسٹیٹ عامر علی احمدنے کہاہے کہ غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ دودھ کی فروخت اور ترسیل کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائیوں عمل میں لائی جائے۔

انہوں نے مزید کہاکہ دودھ کی ترسیل کے لئے سٹین لیس سٹیل کے صاف برتن کے استعمال کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے میونسپل ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹوریٹ اور ہیلتھ سروسز ڈائریکٹوریٹ کو مشترکہ کوششوں کی ہدایت کی تاکہ غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ دودھ کو روکا جا سکے۔