بچوں کی کتب کے عالمی دن پر این بی ایف کی تین نئی مطبوعات

جمعہ 3 اپریل 2015 12:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) نیشنل بُک فاؤنڈیشن کی معیاری ، مفید اور نہایت کم قیمت کی مختلف اور عوام کے پسندیدہ موضوعات کی حامل کتب کی اشاعت کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے ۔ 2015ء میں بچوں کی کتب کے عالمی دن کے موقع پر این بی ایف نے تین تازہ کتابیں شائع کی ہیں۔ ان میں جو اد اقبال جواد کی 96صفحات کی کتاب” عام لوگوں کی خاص کہانیاں“ ہے جس کی قیمت 80روپے ہے۔

اس میں مصنف نے بچوں کی شخصیت سازی اور کردار سازی کو اپنی فکرکا محور بنایا ہے۔ ان کہانیوں میں اچھی سوچ کی حامل مثبت ،سبق آموز اور دلچسپ باتیں ہیں۔ بچوں کے لیے دوسری کتاب سینٹ ایکسوپری کی کہانی ”ننھا شہزادہ“ کے نام سے ہے جس کا اردو ترجمہ امہ کناریوالہ نے کیا ہے ۔ اس میں چھوٹے چھوٹے فکر انگیز جملوں سے دانش و حکمت کی باتوں کو بچوں کی سوچ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے تیسری خلیل جبّار کی 216صفحات کی کتاب ” بچوں کے لیے دلچسپ کہانیاں“ ہے جس کی قیمت 250روپے ہے ۔ ریڈرز کلب کے ممبران یہ کتابیں 55فی صد رعایتی نرخوں پر حاصل کر سکتے ہیں۔این بی ایف نے گزشتہ ایک سال میں بچوں کی تحریر کردہ انعام یافتہ کہانیاں ، باغ و بہار ، سنہری کہانیاں ، گلیور کی سیّاحتیں، دیس دیس کی کہانیاں ، ملّا نصر الدین کے قصے ، حرف و معنی ، ایک ملک ایک کہانی 2 ، دنیائے حیرت کی کہانی، رحم دل پری، اپنا اپنا حصہ، بچوں کے قائد کے نام خطوط اور دیگر کتب خوبصورت اور دیدہ زیب گیٹ اپ اور سکیچزکے ساتھ شائع کی ہیں جنہیں عوام کی طرف سے بہت سراہا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :