بلوچستان میں پولیو پر کافی حد تک قابو پایا جا چکا ہے ، صوبے بھر سے صرف3 کیس سامنے آئے ہیں،وفاقی حکومت مہم میں کئے گئے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے

وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو سینیٹر عائشہ رضا فاروق کااجلاس سے خطاب

جمعہ 3 اپریل 2015 19:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے کہاہے کہ پولیو کے خاتمے کے لئے حکومت بلوچستان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں ،صوبے میں پولیو پر کافی حد تک قابو پایا جا چکا ہے اور اب تک پولیو کے صوبے بھر سے تین کیس سامنے آئے ہیں،وفاقی حکومت اس مہم میں کئے گئے حالیہ اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔

وہ جمعہ کو یہاں بلوچستان میں پولیو کی صورتحال پر اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کررہی تھیں ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت بلوچستا ن کی کوششوں سے اس صوبے میں پولیو پر کافی حد تک قابو پایا جا چکا ہے اور اب تک پولیو کے صوبے بھر سے تین کیس سامنے آئے ہیں جبکہ 2014ء میں ان کیسز کی تعداد 25تھی ۔ انہوں نے چیف سیکرٹری بلوچستان سے کہاکہ مہم کی مانیٹرنگ کو اور بہتر بنایا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ بلوچستان میں کوئی بچہ بھی قطرے سے محروم نہ رہ پائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں پولیو ٹیمز کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے ۔ بلوچستان کے راستے ا یران اور افغانستان جانے والے مسافروں کو پولیو ویکسین پلانے کا خاطر خواہ انتظام کیا جائے ۔ انہوں نے زور دیکرکہا کہ پولیو مہم کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ پاکستان سے اس بیماری سے ہمیشہ کے لئے خاتمے میں مدد ملے ۔

متعلقہ عنوان :