جماعت اہل حدیث پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں ”یوم یکجہتی سعودی عرب“ منایا گیا، ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں کی مساجد میں تحفظ حرمین شریفین کے موضوع پر خطبات،مظاہروں اور سیمینارز کا انعقاد

تحفظ حرمین شریفین ہر مسلمان کا دینی فریضہ اور غیرت ایمانی کی ضمانت ہے ، یہود و ہنود کی شہ پر مسلم ممالک میں فساد پیدا کرنے والے منافقین امت مسلمہ کے لیے شدید خطرہ بن چکے ہیں، نام نہاد دانشور غیرت ایمانی کا ثبوت دیں ،حافظ عبدالوہاب روپڑی، مولانا شکیل الرحمن ، پروفیسر عبدالمجید، مولانا رحمت اللہ اور دیگر کا مظاہروں سے خطاب

جمعہ 3 اپریل 2015 19:31

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء ) جماعت اہل حدیث پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں ”یوم یکجہتی سعودی عرب“ منایا گیا۔ اس سلسلے میں ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں سمیت آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کی تمام اہل حدیث مساجد میں تحفظ حرمین شریفین کے موضوع پر جمعہ کے خطبات دیئے گئے اور بعد نماز جمعہ مختلف مقامات پر مظاہرے اور سیمینارز کا انعقاد بھی کیا گیا۔

جن میں محسن پاکستان ”سعودی عرب“ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا گیا۔ لاہور ماڈل ٹاؤن میں حافظ عبدالوہاب روپڑی، ملتان میں پروفیسر عبدالمجید، مولانا رحمت اللہ، گوجرانوالہ میں مولانا سلمان شاکر، مولانا سیف اللہ، شیخوپورہ میں مولانا حافظ رفیق طاہر، مولانا محمد یوسف، راولپنڈی میں سیف اللہ خالد، مولانا عزیز الرحمن، قصور میں حافظ عبدالوحید شاہد روپڑی ، فیصل آباد میں مولانا عبدالرزاق، پشاور میں مولانا ثناء اللہ خاں نے خطبات جمعہ کے دوران تحفظ حرمین شریفین کو ہر مسلمان کا دینی فریضہ اور غیرت ایمانی کی ضمانت قرار دیا۔

(جاری ہے)

لاہور جامعہ دارالقدس میں حاضرین سے خطاب فرماتے ہوئے جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے کہا کہ یہود و ہنود کی شہ پر مسلم ممالک کے اندر فساد اور انارکی پیدا کرنے والے منافقین امت مسلمہ کے لیے شدید خطرہ بن چکے ہیں۔ اسلام دشمن طاقتوں کا آلہ کار بننے والے اسلام اور مسلمانوں کے کسی بھی طرح خیر خواہ نہیں۔ یہ ہمیشہ امت مسلمہ اور اسلام کے خلاف ہونے والی مذموم کارروائیوں میں اہم کردار ادا کرنے والے ہیں۔

مشرق وسطی میں آج بھی ابتر صورتحال کے ذمہ دار یہی منافق ہیں جو بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے مسلم دشمن طاقتوں کی شاباشی حاصل کرنے کی غرض سے ملکوں میں فساد برپا کرنے میں دن رات مصروف عمل ہیں۔ مرکزی رہنما مولانا شکیل الرحمن ناصر نے لاہو رمیں مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے مسلمان دل و جان سے سعودی عرب کی سلامتی اور حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے ہر طرح سے تیار ہیں۔

اہل حدیث کا بچہ بچہ اپنی جان نچھاور کر دے گا مگر حرمین شریفین پر آنچ نہیں آنے دینگے۔ انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ نام نہاد دانشور غیرت ایمانی کا ثبوت دیں اور ہوش ناخن لیں۔ انہوں نے کہا کہ تنقیدی رائے رکھنے والے تمام دانشور اس وقت کہاں تھے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے جب سعودی عرب کے اندر جا کر تخریبی کارروائیاں کی گئیں۔

پاکستان میں طالبان کے خلاف آپریشن کو جائز سمجھنے والوں کے پاس حوثی باغیوں کے خلاف کارروائیوں پر تنقید کا کوئی جواز نہیں۔ ایک مسلمان ہونے کی حیثیت سے یہ گوارا نہیں کیا جا سکتا کہ اسلام کے خلاف کارروائیاں اور مقدس مقامات کی طرف کوئی میلی آنکھ سے دیکھے۔ اس موقع پر اسلام کی سربلندی اور اسلامی ممالک کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :