حکومت نے ملینیم ڈویلپمنٹ اہداف حاصل کرنے کے لئے2ارب روپے کے فنڈز فراہم کئے ہیں‘ 25لاکھ سے زائد نوجوان مرد و خواتین کو علم و ہنر سکھانے کیلئے فنکشنل لٹریسی سنٹر اور کمیونٹی لرننگ سنٹرز قائم کئے گئے ہیں

صوبائی وزیر سماجی بہبود سید ہارون احمد سلطان بخاری کی وفودسے گفتگو

اتوار 5 اپریل 2015 16:08

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار5اپریل ۔2015ء)صوبائی وزیر سماجی بہبود سید ہارون احمد سلطان بخاری نے کہا ہے کہ حکومت نے ملینیم ڈویلپمنٹ اہداف حاصل کرنے کے لئے2ارب روپے کے فنڈز فراہم کئے ہیں،پنجاب میں شعبہ صحت میں ریفارمز کے نتیجے میں صحت عامہ کی سہولتوں میں بہتری آرہی ہے اور بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات بروقت لگائے جارہے ہیں،عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی میں ڈاکٹرز کے ساتھ ساتھ پیرامیڈکس و نرسز اہم کردار ادا کرتی ہیں اور صوبہ میں نرسز کی 3 ہزار نئی آسامیاں منظور کی گئیں اور ان کے لیے 1.43 ارب روپے مختص کئے گئے ۔

خواتین پارٹی ورکرز کے وفود سے ملاقا ت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ہیلتھ سینٹرز پر تمام عدم دستیاب سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے- حکومت عوام کو پیچیدہ بیماریوں کے موثر علاج کے لئے وسائل کی ری جنریشن کے ذریعے سٹیٹ آف دی آرٹ طبی سہولتیں مہیا کررہی ہے -انہوں نے کہا کہ25لاکھ سے زائد نوجوان مرد و خواتین کو علم و ہنر سکھانے کے لیے صوبہ بھر میں فنکشنل لٹریسی سنٹر اور 14ہزار سے زائد خواتین کے لیے کمیونٹی لرننگ سنٹرز قائم کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے خواتین کے معاشی ترقی میں کردار کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے ملازمتوں میں کوٹہ 5 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کر دیا ہے - اسی طرح یوتھ بزنس لون خواتین کے لئے 50 فیصد کوٹہ مقرر کیا گیا ہے - انہوں نے کہا کہحکومت200 ملین روپے سے صوبہ بھر میں ملازمت پیشہ خواتین کے بچوں کے لئے ڈے کیئر سنٹرز قائم کر رہی ہے - اب تک 60 نئے ڈے کیئر سنٹر کی منظوری دی جا چکی ہے -انہوں نے کہا کہ خواتین کوصحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں لیڈی ہیلتھ ورکرز و ویزیٹرز اور پیرامیڈکس کے کردار کو مزیدفعال بنایا جائے گا ہر 10 ہزار ماؤں میں سے 500 مائیں دوران زچگی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہیں،اسی طرح 1000 بچوں میں سے 77بچے دوران پیدائش وفات پا جاتے ہیں - انہوں نے کہا کہ کم وسائل رکھنے والے لوگوں کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے فنڈز فراہم کئے گئے ہیں۔