محنت اور لگن سے ہسپتال کی کارکردگی اورمعیار کو بلند اور مریضوں کیلئے علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنا ہوں گی، ڈاکٹر رفیق الحسن کھوکھر

پیر 6 اپریل 2015 21:52

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء)لیاقت یونیورسٹی ہسپتال حیدرآباد و جامشورو کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رفیق الحسن کھوکھر نے کہا ہے کہ ہمیں محنت اور لگن سے ہسپتال کی کارکردگی اورمعیار کو بلند کرنا ہو گا اور مریضوں کے لئے علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنا ہوں گی۔وہ پروفیسرز اور ڈاکٹرز کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق شیخ، پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمن میمن،اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سید اسد علی، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ذاکر راجپر، ڈاکٹر عطاء میمن اور انتظامیہ کے افسران اجلاس میں شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر رفیق الحسن کھوکھر نے کہا کہ ملازمین کی حاضری کو یقینی بنانے کے لئے افسران پر مشتمل مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جن کی یہ ذمہ داری ہو گی کہ وہ ملازمین کو ڈیوٹی کارڈ کے ساتھ ڈیوٹی پر چیک کریں تاکہ یہ معلوم ہے کہ ایک وارڈ یا شعبے میں کتنے اور کون کون سے ملازمین ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں، انہوں نے ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ پابندی وقت کے ساتھ مریضوں سے خوش اخلاقی کے روئیے سے اپنی خدمات انجام دیں، اس سے قبل بھی میں نے رجسٹرار ایڈمن، انچارج اسٹاف نرسز اور انتظامیہ کے افسران کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے انہیں ہسپتال کی بہتری مریضوں کے علاج معالجے اور معیار کی بہتری کے لئے ہدایات دے چکا ہوں، انہوں نے کہا کہ مختلف وارڈوں اور شعبوں کو وقتافوقتاً چیک کرنے کا مقصد یہ ہے کہ ہسپتال میں مریضوں کو ملنے والی ادویہ اور سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے اور اب مریضوں کو خوراک کے ساتھ فروٹ بھی فراہم کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ گذشتہ ادوار میں ہسپتال کی تعمیر و مرمت پر خاص توجہ نہ دینے کے سبب ہسپتال کھنڈر بن گیا تھا دیواریں توٹ پھوٹ کا شکار تھیں اور سالوں سے رنگ و روغن نہیں کیا گیا تھا اب مختلف وارڈوں اور عمارتوں کی تعمیر و مرمت کے کام کے ساتھ رنگ و روغن کا کام ہو رہا ہے مریضوں کو نئی بیڈشیٹس دی جا رہی ہیں اور عرصہ سے خراب پڑی ہوئی مشینری کو ٹھیک کرایا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ جامشورو لمس کے وہ پروفیسرز جن کی ذمہ داریاں لیاقت یونیورسٹی ہسپتال سے منسلک ہیں وہ بھی ہسپتال کی بہتری ترقی اور علاج معالجہ اور سہولتوں کی فراہمی میں تعاون کریں اور ہسپتال کی او پی ڈی اور وارڈوں میں جا کر اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے مریضوں کو فائدہ پہنچائیں تاکہ مریض جلد صحت یاب ہو کر جلد اپنے گھروں کو لوٹیں۔