اللہ تعالیٰ کا یہ نظام حکمت پر مبنی ہے کہ کسی کو صحت مند طاقتور بناتا ہے اور کسی کو کمزور، ابو قتادہ محی الدین

پیر 6 اپریل 2015 22:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء )اللہ تعالیٰ کا یہ نظام حکمت پر مبنی ہے کہ کسی کو صحت مند طاقتور بناتا ہے اور کسی کو کمزور۔ نہ تو طاقتور اور صحت مند کو صحت مند اور طاقتور ہونے میں اپنا کوئی کمال اور دخل ہے، اورنہ ہی کمزور کو کمزور ہونے میں کوئی اپنا قصور ہے۔یہ اللہ تعالیٰ کا اپنا فیصلہ ہے۔ جن خصوصی بچوں کو ذہنی اور جسمانی عارضہ لاحق ہے اور وہ کمزور ہیں اپنی ضروریات زندگی کے لئے کچھ نہیں کر سکتے ان کی ضروریات زندگی اور ان کی آسائش و سکون کی تمام تر ذمہ داریاں معاشرے کے صحت مند اور مالدار افراد پر عائد ہوتی ہیں۔

معاشرے کے جو افراد اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں عہدہ برآ ہو رہے ہیں یقیناً وہ اپنے فرض کو پورا کرکے انسانیت کی بڑی خدمت انجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جسکے نتائج انکی اپنی ذات کے لئے بہتر اور معاشرے کے لئے نفع بخش ہے اور جو طاقتور افرادان ذمہ داریوں کی طرف توجہ نہیں دے رہے وہ غلطی کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار ملک کی معروف سماجی تنظیم نصرت ٹرسٹ کے جنرل سیکریرٹری ابو قتادہ محی الدین نے ٹرسٹ کی جانب سے دو سو ایک معذور بچوں کے والدین میں ماہانہ فوڈ ہیلپ اسکیم کی امدادی رقم کی تقسیم کے موقع پر کیا۔

ابو قتادہ محی الدین نے مزید کہا کہ نصرت ٹرسٹ کے تحت جاری کردہ ماہانہ فوڈ ہیلپ اسکیم فار اسپیشل چلڈرن سے غریب فیملیوں کے معذور بچوں کو ایک ہزار روپے ماہانہ ٹرسٹ کا ایک بڑا انقلابی اقدام ہے جس سے ان کی مشکلات کم ہو رہی ہیں اور انکے غریب والدین کو انکی کفالت کرنے میں مدد مل رہی ہے۔نصرت ٹرسٹ فوڈ ہیلپ کو زیادہ سے زیادہ معذور بچوں تک پہنچانے کیلئے کوشاں ہے جس کے لیے اہل خیر حضرات کی خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔