پشاور، زائد المیعاد، بغیر لائسنس ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاوٴن

منگل 7 اپریل 2015 17:17

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) پشاور ریجن میں دو نمبر ، زائد المیعاد، بغیر لائسنس اور وارنٹی کے ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاوٴن مذید تیز کردیا گیا ہے اورچیف ڈرگ انسپکٹر محکمہ صحت پشاوردل نواز خان نے ادویات کا کاروبار کرنے والوں کو سختی سے متنبہہ کیا ہے کہ ڈرگ ایکٹ 1976کے تحت اورمروجہ رولز کے مطابق ادویات فروخت کریں ورنہ ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائیگی۔

محکمہ صحت کی ٹیم ڈرگ انسپکٹرز عمران اللہ خان، ابرار خان اور نعیم خان پر مشتمل ہے جو چیف ڈرگ انسپکٹر دل نواز خان کی سربراہی میں مختلف علاقوں میں خفیہ طور پرچھاپے مار رہی ہے۔ ٹیم نے آج خیبر ٹیچنگ ہسپتال اور حیات میڈیکل کمپلیکس کے ارد گرد واقع 65ڈرگ سٹوروں کا معائنہ کیا جن میں 5دکانات کے خلاف سرکاری ادویات سے سرکاری مہریں اور اصل قیمتیں ہٹا کر فروخت کرنے پر کیسز درج کئے گئے۔

(جاری ہے)

اسی طرح 8دکانات کے خلاف بغیر ڈرگ سیل لائسنس اور غیر رجسٹرڈ ادویات کی فروختگی پر کیسز درج کئے گئے۔ ان تمام دکانداروں کے خلاف شکایات پراونشل کوالٹی کنٹرول بورڈ پشاورکے پاس سکروٹینی کے غرض سے جمع کی گئی ہیں جہاں سے اسے ڈرگ کورٹ میں بھیجنے یا نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا جائیگا۔بورڈ کی جانب سے سکروٹینی کے بعد ان میڈیکل سٹوروں کے مالکان کے خلاف ڈرگ ایکٹ 1976کے تحت قانونی کارروائی کی جائیگی۔

چیف ڈرگ انسپکٹر نے واضح کیا کہ پشاور ریجن میں دو نمبر، غیر رجسٹرڈ اور زائد المیعاد ادویات کا کاروبار کرنے والوں کو کسی بھی صورت نہیں چھوڑیں گے ۔ انہوں نے کہا چھاپے مسلسل جاری رہیں گے اور کسی بھی وقت کسی بھی علاقے میں محکمہ صحت کی ٹیم کارروائی کریگی۔ انہوں نے ڈرگ سٹور مالکان کو وارننگ دی کہ اب کسی کو بھی غیر قانونی کاروبار کرنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ادویات کا کاروبار ایک انتہائی نازک معاملہ ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کا سمجھوتا نہیں ہوگی۔

متعلقہ عنوان :