ایف ٹی سی پل کے قریب گڑھے حادثات کا سبب بن رہے ہیں ، انتخاب عالم سوری

ٹریفک جام کی وجہ سے شہری نفسیاتی مریض بن رہے ہیں ، ہیومن رائٹس نیٹ ورک

منگل 7 اپریل 2015 22:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء)ہیومن رائٹس نیٹ ورک کراچی کے صدر انتخاب عالم سوری اور دیگر ممبران طارق خان اور سید شہزاد مظہر نے کہا ہے کہ ٹریفک جام کے مسائل شہریوں کو نفسیاتی مریض بنا رہے ہیں ، شہر کی کوئی شاہراہ ، کوئی چورنگی ایسی باقی نہیں رہی جس پر ٹریفک جام نہ ہوتا ہو ۔ انھوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کی تعداد بہت کم ہے اور ان میں سے بھی جوڑ توڑ کر کے رشوت لینے میں مصروف رہتے ہیں ۔

یہ بات انھوں نے گذشتہ روز HRN کے دفتر واقع نارتھ ناظم آباد میں ” روڈ سیفٹی پلان “ کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کی ۔ انتخاب عالم سوری اور دیگر ممبران نے کہا کہ جہاں شہر میں ٹریفک کا نظام درھم برھم ہے وہاں عوا الناس کی بے صبری بھی اس معاملے کو اور زیادہ گھمبیر بنا دیتی ہے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ٹریفک کی روانی کو متاثر کرنے میں جہاں بہت سارے عوامل ہیں وہاں ایک اہم مسئلہ غلط پارکنگ بھی ہے ، سنگل روڈ پر ڈبل ڈبل پارکنگ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے ۔

انتخاب عالم سوری نے کہا کہ کراچی کی انتہائی اہم اور مصروف شاہراہ شارع فیصل پر FTC پُل کے قریب کئی مقامات پر گڑھے ہیں جو سنگین حادثات کا سبب بن رہے ہیں ، اُس مقام پر روزانہ درجنوں حادثات ہونے کے باوجود انتظامیہ کوئی توجہ دینے کے لئے تیار نہیں ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اس طرح کے بہت سارے روڈ ہیں جہاں سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جس کی وجہ سے روزانہ کئی لوگ اپنے پیاروں سے جدا ہو جاتے ہیں ۔ ہیومن رائٹس نیٹ ورک نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ شہر کے اس اہم مسئلے پر توجہ دیں ۔