یمن لڑائی میں 540 افراد ہلاک اور 1700 زخمی ہوئے ۔عالمی ادارہ صحت

بدھ 8 اپریل 2015 12:58

دبئی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء ) عالمی ادارہ صحت نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ یمن میں 19 مارچ سے جاری لڑائی کے نتیجے میں اب تک کم سے کم 540 افراد ہلاک اور 1700 زخمی ہوچکے ہیں۔العربیہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے ترجمان کریسٹن لنڈمیر نے جنیوا میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں بتایا کہ مذکورہ اعداد وشمار 19 مارچ سے 06 اپریل کے درمیان کے ہیں۔

ادھر اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال ”یونیسیف“ کے ترجمان کریسٹوو بولیراک کا کہنا ہے کہ یمن میں 26 مارچ سے جاری پر تشدد کارروائیوں کے نتیجے میں 74 بچے ہلاک اور 44 زخمی ہوئے ہیں تاہم ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی یہ تعداد حتمی نہیں۔ لڑائی میں مارے جانے والے بچوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہوسکتی ہے۔

(جاری ہے)

”یونیسیف“ کا کہنا ہے کہ یمن میں جاری کشیدگی کے نتیجے میں ایک ملین بچوں کی تعلیمی اور تدریسی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔

ترجمان نے یمن میں متحارب فریقین پر زور دیا کہ وہ لڑائی میں بچوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ بولیراک نے یمن میں موجود یونیسیف کے عملے سے کہا کہ ہو محتاط رہتے ہوئے جنگ میں مارے اور زخمی ہونے والے بچوں کے بارے میں درست معلومات کی فراہم کا سلسلہ بھی جاری رکھیں۔تاہم عالمی ادارے کے عہدیدار نے یہ نہیں بتایا کہ آیا یہ بچے براہ راست فائرنگ میں مارے گئے، بمباری میں جاں بحق ہوئے یا خانہ جنگی کی نذر ہوئے ہیں۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ یمن میں کچھ لوگ بروقت طبی امداد کی عدم فراہمی کے باعث جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :