سینٹرل جیل حیدرآباد میں فری میڈیکل کیمپ لگا کر قیدی مریضوں کے علاج اور ان کو مفت ادویہ فراہم کرنے کی کوشش جاری رہے گی، رفیق الحسن کھوکھر

جمعرات 9 اپریل 2015 22:45

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لیاقت یونیورسٹی ہسپتال حیدرآباد جامشورو ڈاکٹر رفیق الحسن کھوکھر نے کہا ہے کہ ہم نے ہسپتال کے مریضوں کے ساتھ ساتھ اپنی خدمت کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے اب سینٹرل جیل حیدرآباد میں فری میڈیکل کیمپ لگا کر قیدی مریضوں کے علاج اور ان کو مفت ادویہ فراہم کرنے کا آغاز کیا ہماری یہ کوشش ہو گی کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹرل جیل حیدرآباد میں لیاقت یونیورسٹی ہسپتال کی جانب سے قیدیوں کے علاج و معائنہ کے لئے لگائے گئے ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ میں موجود جیل حکام اور قیدیوں سے گفتگو کے دوران کیا، اس موقع پر سینٹرل جیل حیدرآباد کے ایس ایس پی محمد اعجاز حیدر، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ماجد اختر، کیمپ انچارج اے ایم ایس جنرل ایل یو ایچ ڈاکٹر محمد انور پالاری اور دیگر موجود تھے، کیمپ میں مختلف شعبہ جات کے ماہر ڈاکٹروں نے قیدی مریضوں کا معائنہ کیا بلڈپریشر، شوگر اور آنکھوں کا معائنہ کیا اور خون ٹیسٹ کئے، ڈاکٹر رفیق الحسن کھوکھر نے کہا کہ قیدی معاشرے کا مظلوم طبقہ ہے اور ہمارے ہی رحم و کرم پر ہوتے ہیں انسانیت کے ناطے ہمارا یہ فرض ہے کہ ہم ان کی خوراک کے ساتھ ساتھ ان کے علاج معالجے پر مکمل توجہ دیں، انہوں نے کہا کہ ہماری یہ کوشش ہو گی کہ آئندہ بھی قیدیوں کے علاج معالجے اور ادویہ کی مفت فراہمی کے لئے اس قسم کے فری میڈیکل کیمپ لگائیں، انہوں نے کیمپ میں آنکھیں چیک کرانے والے قیدیوں کو ایل یو ایچ کی جانب سے مفت چشمے اور ادویہ تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :