پنجاب میں ڈینگی کو وبائی شکل اختیار کرنے نہیں دیا جائے گا، تمام ادارے مشترکہ کوششیں کریں‘ مشیرصحت خواجہ سلمان رفیق

جمعہ 10 اپریل 2015 18:48

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء) صوبائی محکمہ کوآپریٹو کے زیراہتمام پی سی ایس آئی آر کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں انسداد ڈینگی کنٹرول سیمینار کا انعقاد ہوا۔ سیمینار میں مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق مہمان خصوصی تھے جبکہ دیگر مہمانان میں سیکرٹری کوآپریٹو بابر حیات تارڑ، ڈی او سی لاہور سیٹھ محمد اقبال، ڈی ڈی او سی فرخ حیات پنوں، اینٹامولوجسٹ و محکمہ صحت کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔

سیکرٹری کوآپریٹو بابر حیات تارڑ نے استقبالیہ خطاب میں کہاکہ حکومت نے ڈینگی کے کنٹرول کے سلسلہ میں جو اقدامات کئے ہیں وہ قابل ستائش ہیں اور ہر ذی شعور اس کے خاتمہ کے سلسلے میں کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبہ بھر میں واقع کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیاں دیگر ہاؤسنگ سکیموں کے ماتھے کا جھومر ہیں ۔

(جاری ہے)

حکومتی ہدایات پر تمام کوآپریٹو سوسائٹیوں میں منظم طریقہ سے ڈینگی کے خاتمہ کے سلسلے میں جدید طرز عمل اپنایا گیا ہے جبکہ کوڑا کرکٹ تلف کرنے اور پانی نہ ٹھرنے کا جدیدطریقہ کارکی بناء پر پانی کا فوری نکاس کردیاجاتا ہے جس کی وجہ سے ان سوسائٹیوں میں کسی بھی جگہ گذشتہ سال ڈینگی لاروا نہیں پایاگیا۔

انہوں نے بتایا کہ اب کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے لے آؤٹ پلان محکمہ کوآپریٹو کے ٹیکنیکل ونگ میں ہی حل ہوں گے۔ کسی کو بھی اب ایل ڈی اے کے پاس جانے کی ضرورت نہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تمام سوسائٹیوں کا ریکارڈ جون 2015ء تک کمپیوٹرائزڈ کر دیا جائے گا جس سے ممبران کے مفادات کا بہترین تحفظ ممکن ہوسکے گا۔اس موقع پر مہمان خصوصی مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ڈینگی کا خاتمہ کیلئے ہمیں ٹیکنیکل لوگوں کے ساتھ حکمت عملی اپناکر خاتمہ کرناہوگا۔

فوگنگ کے عمل سے قطعی اجتناب کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اب ہر شخص اس سلسلے میں شعور یافتہ ہوچکا ہے ہمیں سب کو منظم انداز میں مل کر اس کامقابلہ کرنا ہوگا۔ حکومت کی جانب سے ڈینگی پر قابو پانے کیلئے تمام انسانی و مالی وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں اور تمام سرکاری اداروں کی مشترکہ کوششوں سے پنجاب میں ڈینگی کو وبائی شکل اختیار کرنے نہیں دیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ لاروا کی شناخت اور اس کی بروقت تلفی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے گئے ہیں تاکہ اس کے پھیلاؤ کو ہرممکن حد تک روکاجاسکے۔ محکمہ صحت اور ضلعی حکومت کا مرکزی کردار ہے اور تمام دیگر محکمے اور ادارے اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں۔آخر میں دیگر شرکاء نے اپنے اپنے خطاب میں انسداد ڈینگی بارے حاضرین کو آگاہی دی۔

متعلقہ عنوان :