وزیر اعلیٰ کے ویژن کی تکمیل کے لئے محکمہ صحت میں پی آئی ٹی بی کاکردارقابل تحسین ہے‘ خواجہ سلمان رفیق

پی آئی ٹی بی محکمہ صحت کے21منصوبوں پر کامیابی سے عملدرآمد کر رہا ہے ‘ڈاکٹر عمر سیف ودیگر رہنماؤں کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 10 اپریل 2015 21:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء ) مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ خادم پنجاب محمد شہباز شریف کی خواہش ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور عملے کی حاضری کو بہتر بنانے اور عوام کو صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے لئے محکمہ صحت کے تمام شعبوں کی الیکٹرانک مانیٹرنگ کی جائے، وہ ارفع سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اشتراک سے شروع کیے گئے محکمہ صحت پنجاب کے منصوبوں کے جائزہ کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

چیئرمین پی آئی ٹی بی ڈاکٹر عمر سیف،سیکریٹری صحت جواد رفیق ملک اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے ویژن کی تکمیل کے لئے محکمہ صحت کی تیز ترین ترقی میں پی آئی ٹی بی نے قابل تحسین کردار ادا کیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر 6اضلاع میں کام کرنے والے موبائل ہیلتھ یونٹوں کی مانیٹرنگ پی آئی ٹی بی سے کرائی جائے گی جبکہ مزید دس بارہ اضلاع میں بھی جلدموبائل ہیلتھ یونٹ شروع کیے جا رہے ہیں۔

ڈاکٹر عمر سیف نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پی آئی ٹی بی ڈینگی، پولیو ویکسی نیشن ،ہیلتھ واچ، میڈیسن انونٹری سسٹم،متعدی بیماریوں کی نگرانی، آٹومیشن اورسمارٹ مانیٹرنگ سمیت محکمہ صحت کے21منصوبوں پر کامیابی سے عملدرآمد کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تحصیل اور ضلعی ہسپتالوں میں بائیو میٹرک حاضری کا نظام شروع کیا جا رہا ہے، جس سے ڈاکٹروں اور عملے کی حاضری کا نظام بہتر ہو گا اورنتیجتاً سرکاری ہسپتالوں کی کار کردگی میں بھی بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے پی آئی ٹی بی عالمی بینک کے تعاون سے پولیو مانیٹرنگ سسٹم لا رہا ہے ۔ ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ اینڈرائڈ ایپلیکیشن اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی نے عوامی سہولیات میں بہتری کو حیرت انگیز طور پر یقینی بنایا ہے اور پی آئی ٹی بی پنجاب میں مثبت تبدیلی لانے میں ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔سیکریٹری صحت پنجاب نے کہا کہ پی آئی ٹی بی کے آئی ٹی بیسڈ منصوبوں کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، ان سے محکمے کی کارکردگی اور فیصلہ سازی کا عمل بہت بہتر ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی تفصیل آئندہ ماہ ابو ظہبی میں ہونے والی انٹرنیشنل ہیلتھ مانیٹرنگ کانفرنس میں بھی پیش کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :