الخدمت خواتین ونگ کمزور طبقے کو مضبوط بنانے کی جدوجہد کر رہی ہے‘ محمد حسین محنتی

ہفتہ 11 اپریل 2015 16:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 اپریل۔2015ء) نائب امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ ملک میں غربت و افلاس کے ڈیرے ہیں‘ لوگوں کو روزگار میسر نہیں‘ دولت کی غیر منصفانہ تقسیم کرپشن اور لوٹ مار نے اسے مسائل سے دوچارکیا‘ الخدمت خواتین ونگ کمزور طبقے کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے‘ اس کی خدمات قابل قدر ہیں۔

یہ بات انہوں نے ہفتے کو الخدمت خواتین ونگ کے تحت مقامی لان میں مستحق خاندانوں میں راشن اور نقد رقوم تقسیم کرنے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر تقریب کی صدارت طلعت ظہیر صدر الخدمت ویمن ونگ پاکستان نے کی جب کہ نویدہ انیس نائب صدر ویمن ونگ‘ سابق رکن قومی اسمبلی عائشہ منور‘ آمنہ عثمان نائب قیمہ جماعت اسلامی خواتین پاکستان‘ شہناز اقبال (چیئرپرسن) الخدمت ویمن ونگ و دیگر ذمہ داران اور ظہیرالاسلام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

محمد حسین محنتی نے کہا کہ الخدمت ویمن ونگ نے قدرتی آفات میں بھی ملک کی بھرپور مدد کی خصوصاً زلزلہ‘ سیلاب اور بارش کے دنوں میں آئی ڈی پیز کے لیے بہت کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت خواتین ونگ کے تحت جامعة المحصنات اور بیٹھک اسکولز جیسے ادارے بھی نئی نسل کو دینی و دنیاوی علوم سے فیض یاب کر رہے ہیں۔ اس موقع پر الخدمت ویمن ونگ پاکستان کی صدر طلعت ظہیر نے خواتین ونگ کی کارکردگی اور جاری کاموں کے حوالے سے تفصیلات بیان کیں اور کہا کہ الخدمت خواتین ونگ کی خدمات ملک بھر میں جانی پہچانی اور مانی جاتی ہیں۔

پاکستان میں مسائل کے انبار ہیں‘ لوگوں کو روزگار میسر نہیں‘ لوگ غربت میں زندگی بسر کر رہے ہیں‘ ہم کمزور طبقے کو خوش حال دیکھنا چاہتے ہیں‘ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان خوش حال ہو۔ اس موقع پر نائب صدر ویمن ونگ نویدہ انیس نے کہا کہ ہم امیر اور غریب طبقے کے درمیان پل کا کردار ادا کررہے ہیں۔ تھرپارکر میں بہت غربت ہے‘ آلودہ پانی اور صحت کی سہولتیں نہ ہونے کے باعث لوگ اموات کا شکار ہو رہے ہیں۔

لوگوں کی غربت ختم کرنا حکومتوں کا کام ہے جب وہ ناکام ہوتی ہیں تو یہ کام این جی اوز سنبھال لیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تھر میں مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر اسپتال قائم کر رہے ہیں جہاں جدید سہولتیں میسر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم جلد تھر میں بچوں کے لیے ”آغوش“ کا منصوبہ شروع کریں گے۔ اہل خیر خواتین و حضرات الخدمت ویمن ونگ سے تعاون کریں۔ اس موقع پر محمد حسین محنتی‘ طلعت ظہیر‘ شہناز اقبال‘نویدہ انیس‘ ظہیرالاسلام نے مستحقین میں راشن اور نقد رقوم تقسیم کیں۔