پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات دو قوموں کے تعلقات ہیں ، دونوں ملکوں نے کبھی ایک دوسرے کو مشکلات میں تنہا نہیں چھوڑا،پاکستان میں کوئی بھی طبقہ حرمین شریفین اور سعودی عرب پر حملے کی دھمکیاں دینے والوں کے ساتھ نہیں ہے

ہفتہ 11 اپریل 2015 19:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 اپریل۔2015ء) پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہاہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات دو قوموں کے تعلقات ہیں ،پاکستان اور سعودی عرب نے کبھی بھی ایک دوسرے کو مشکلات میں تنہا نہیں چھوڑا،پاکستان میں کوئی بھی طبقہ حرمین شریفین اور سعودی عرب پر حملے کی دھمکیاں دینے والوں کے ساتھ نہیں ہے ۔

وہ ہفتہ کو سعودی عرب کے نائب وزیر مذہبی امور ڈاکٹر عبد العزیز العمار سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔ اس موقع پر سعودی عرب کے وفد کے دیگر اراکین اور پاکستان علماء کونسل کے حافظ محمد امجد ، مولانا عبد الحمید صابری اور ڈاکٹر الیاس بھی موجود تھے ۔ سعودی عرب کے نائب وزیر ڈاکٹر عبد العزیز العمار نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ کی طرف سے سعودی عرب کے دفاع اور سلامتی کے لیے پاکستانی قوم کے جذبات قابل قدر ہیں اور سعودی عرب کی عوام بھی اپنے پاکستانی بھائیوں کے لیے اسی طرح سوچتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یمن میں ایک قانونی اور آئینی حکومت کے خلاف بغاوت کی گئی اور اس بغاوت کے نتیجے میں بے گناہ انسانیت کا قتل عام شروع کیا گیااور حرمین شریفین اور سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام سے کھیلنے کی سازشیں شروع کی گئیں جس کے نتیجہ میں یمنی حکومت کی دعوت پر عرب اتحاد نے حوثی باغیوں کے خلاف کاروائی شروع کی ہے ۔ سعودی عرب کے علماء اور حکومت نے ہمیشہ بین المسالک و بین المذاہب مکالمہ کی حوصلہ افزائی کی ہے اور خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کا ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد امت مسلمہ کے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کرنے کا اعلان اسی پالیسی کا تسلسل ہے ۔

پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم حرمین شریفین کے تقدس اور سعودی عرب کے دفاع ، سلامتی اور استحکام کے لیے خادم الحرمین الشریفین اور سعودی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔کسی کو یہ غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ پاکستان اور پاکستان کی عوام کسی بھی مرحلے پر اپنے سعودی بھائیوں کو تنہاء چھوڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ بعض گروہ اور ممالک شام سے لے کر یمن تک اور سعودی عرب سے پاکستان تک اپنے نظریات کو تخریب کے ذریعے مسلمانوں پر مسلط کرنا چاہتے ہیں انہیں کبھی کامیابی نہیں ملے گی۔ سعودی عرب کی طرف سے حوثی باغیوں کے خلاف کی جانے والی کاروائیوں کی پاکستان علماء کونسل مکمل تائید کرتی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے ملت اسلامیہ کے مسائل اور عالم اسلام کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیااور باہمی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

متعلقہ عنوان :