ٹی بی کلینک سمیت واسا اور دیگر محکموں کی اراضی پر کسی کو قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ،صوبائی حکومت نے عوام کو امن ، صحت اور تعلیم کی سہولیات دینے کا تہیہ کر رکھا ہے ، ٹی بی کلینک کو مزید فعال اور جدید بنایا جائے گا

ہفتہ 11 اپریل 2015 19:28

کوئٹہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 اپریل۔2015ء ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماء وصوبائی وزیر نواب ایاز خان جوگیزئی نے کہا ہے کہ ٹی بی کلینک سمیت واسا اور دیگر محکموں کی اراضی پر کسی کو قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے جن مافیا نے سرکاری زمینوں پر قبضہ کیا ان کی واگزاری کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ، موجودہ صوبائی حکومت نے عوام کو امن ، صحت اور تعلیم کی سہولیات دینے کا تہیہ کر رکھا ہے ، امن وامان کی صورتحال کافی حد تک بہتری ہوگئی ہے تاہم صحت اور تعلیم کے شعبے میں اب تک ہمیں نمایاں کامیابی حاصل نہیں ہوئی ، ٹی بی کلینک کو مزید فعال اور جدید بنایا جائے گا اور اس کام کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو شہر کے وسط میں واقع قدیم فاطمہ جناح چیسٹ اینڈ جنرل ہسپتال کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نواب ایاز خان جوگیزئی نے کلینک میں جاری ترقیاتی کام کا معائنہ کیا اور کام کی بندش و سست رفتاری پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ جان بوجھ کر ہسپتال میں ترقیاتی کاموں کی تکمیل میں تاخیری حربے استعمال کئے جارہے ہیں جس کی کسی صورت میں اجازت نہیں دی جائے گی اس سلسلے میں وزیراعلیٰ اور دیگر حکام سے بات کروں گا ۔

انہوں نے کہا کہ انتہائی دکھ کی بات ہے کہ کوئٹہ شہر میں اس جدید دور میں بھی صحت اور تعلیم کی سہولیات کا فقدان ہے موجودہ حکومت نے عوام کو امن وامان ، صحت اور تعلیم کی سہولیات دینے کا تہیہ کر رکھا ہے گوکہ ہم امن وامان کو بحال کرنے میں کافی حد تک کامیاب ہوئے تاہم صحت اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی میں ہمیں خاطر خواہ کامیابی نہیں ملی ۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر کے وسط میں 1942 میں انگریز کے دور سے قائم ہسپتال پر شہر کے مافیاز کی نظریں جمی ہوئی ہیں اور وہ اس خوبصورت ہسپتال کو قبضہ کرکے پلازہ تعمیر کرنا چاہتے ہیں ان مافیا کو بیوروکریسی اور بعض سیاسی لوگوں کی حمایت حاصل ہیں ۔ انہی بیوروکریسی اور سیاسی لوگوں نے شہر کے تاریخی مقامات اور سرکاری زمینوں پر قبضہ کرکے اپنے آپ کو راتوں رات امیر بنایا ۔

میں واضح کرتا ہوں کہ جب تک پشتونخوا میپ موجود ہوگی اس شہر میں کسی مافیا گروپ چاہے وہ بیوروکریسی یا سیاسی شکل میں ہو سرکاری زمین پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ واسا کے زمینوں پر بھی بااثر لوگوں نے قبضہ کیا تھا جس کو واگزار کرانے کے لئے احکامات جاری کردیئے ہیں ۔ نواب ایاز خان جوگیزئی نے کہاکہ ٹی بی کلینک ہمارا اثاثہ ہے ماضی بعید میں تعمیر کی گئی ہسپتال آج بھی درست اور صحیح حالت میں ہے بڑی تعداد میں غریب لوگ علاج سے مستفید ہورہے ہیں جن مافیاز نے ہسپتال کو ناکام بنانے یا قبضہ کرنے کا سوچ رکھا ہے وہ اس سوچ کو اپنے دل سے نکال دیں ۔

جب تک میں زندہ ہوں کسی کو اس جانب نظر اٹھا کر دیکھنے کی اجازت نہیں دوں گا اس ہسپتال کو ہم مزید جدید اور بہتر بنائیں گے ادویات ، ڈاکٹروں اور پیرا میڈیک سٹاف کے لئے محکمہ صحت کے حکام اور وزیراعلیٰ سے بات کروں گا ۔ بعض لوگوں نے شہر میں میرا نام استعمال کرکے یہ پروپیگنڈا کیا گیا کہ اس ہسپتال کو نواب ایاز جوگیزئی الاٹ کرنا چاہتے ہیں اس طرح کے پروپیگنڈے کرنے والے میرے ذات اس شہر اور اس ہسپتال میں آنے والے غریب مریضوں کے دشمن ہیں ۔ میں واضح طور پر اعلان کرتا ہوں کہ چاہے کچھ بھی ہو اس ہسپتال کو مزید جدید بنائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :