صوبائی دارالحکومت کی پسماندہ بستیوں میں میڈیکل کیمپ لگانے کے انتظامات مکمل

شہریوں کے بڑے ہسپتالوں میں بھی غریب مریضوں کے لئے صحت کی مکمل سہولتیں حاصل نہیں ہیں‘ صائمہ شبیر

اتوار 12 اپریل 2015 17:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 اپریل۔2015ء ) الخدمت ٹرسٹ کے زیر اہتمام رواں ماہ کے دوران لاہور کی نواحی آبادیوں میں چار فری میڈیکل کیمپ لگائے جائیں گے اس امر کا اظہارالخدمت خواتین ٹرسٹ کی ناظمہ صائمہ شبیر نے گوالا کالونی ٹاؤن شپ میں لگائے گئے فری میڈیکل کیمپ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا- فری میڈیکل کیمپ میں خاتون ڈاکٹر سمیت تین ڈاکٹروں نے مریضوں کا معائنہ کیا جبکہ چار سو سے زائد مریضوں نے فری کیمپ سے استفادہ کیا- اس موقع پر مریضوں کے فری ٹیسٹ کر نے کے علاوہ پانچ روز کی ادویات بھی دی گئیں-صائمہ شبیر نے کہا ہے کہ پاکستان میں صحت کی بنیادی سہولتوں کا حصول ہر پاکستانی کا بنیادی حق ہے لیکن بد قسمتی سے آج بھی ملک کی اکثریتی آبادی کو یہ سہولتیں حاصل نہیں ہیں جو لمحہ فکریہ ہے - صائمہ شبیر نے کہا کہ شہریوں کے بڑے ہسپتالوں میں بھی غریب مریضوں کے لئے صحت کی مکمل سہولتیں حاصل نہیں ہیں جبکہ دیہی علاقوں میں تو ہسپتالوں میں ڈاکٹر ہی موجود نہیں ہیں- انہوں نے کہا کہ الخدمت خواتین ٹرسٹ کا مقصد دکھی انسانیت کی خدمت ہے جسے وہ زندگی کے ہر شعبہ میں جاری رکھے ہوئے ہے۔

متعلقہ عنوان :