وزارت قومی صحت نے غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے والے افراد کیلئے نیشنل ہیلتھ انشورنس سکیم شروع کردی، 9 ارب 10کروڑ کا پی سی ون تیار‘ دل‘ گردہ‘ جگر سمیت 7بیماریوں کے علاج کیلئے مالی تعاون فراہم کیا جائیگا

اتوار 12 اپریل 2015 19:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 اپریل۔2015ء) وزارت قومی صحت نے غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے والے افراد کیلئے نیشنل ہیلتھ انشورنس سکیم شروع کردی‘ 9 ارب 10کروڑ کا پی سی ون تیار‘ دل‘ گردہ‘ جگر سمیت سات بیماریوں کے علاج کیلئے مالی تعاون فراہم کیا جائے گا۔ وزارت قومی صحت کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے نیشنل ہیلتھ انشورنس سکیم کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد نو ارب دس کروڑ روپے کا پی سی ون تیار کرکے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کو بھجوا دیا گیا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے والے شہریوں کو سات ترجیحی بیماریوں جن میں دل‘ گردہ‘ جگر‘ شوگر‘ دیرینہ بیماریوں‘ اعضاء کے کام نہ کرنے اور جلنے کا علاج کیا جائیگا اس کے لئے سرکاری ہسپتالوں کے ساتھ ساتھ بعض نجی ہسپتالوں میں بھی علاج معالجے کی سہولت میسر ہوں گی۔ رپورٹ کے مطابق بارہ ہزار روپے میٹرنٹی کیپ‘ پچاس ہزار روپے فی خاندان سالانہ دیکھ بھال کی سہولت جبکہ دو لاکھ پچاس ہزار روپے فی خاندان سالانہ تک ترجیحی علاج معالجے کی سہولت میسر ہوگی پروگرام کا نام وزیراعظم قومی صحت انشورنس پروگرام رکھا گیا ہے۔