کاشتکار کپاس کی فصل کو وائرس سے بچانے کیلئے سفید رکھی کا تدارک کریں، محکمہ زراعت پنجاب

پیر 13 اپریل 2015 16:25

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 اپریل۔2015ء)محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی نے کپاس کے کاشتکاروں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فصل کو وائرس سے بچانے کیلئے فصلوں سے سفید مکھی کا تدارک کریں اور کاشت سے قبل کھیتوں سے جڑی بوٹیوں کی تلفی یقینی بنائیں ۔ ترجمان کے مطابق کپاس کی فصل کو وائرس کی وجہ سے ناقابل تلافی نقصان کا احتمال ہوتا ہے اور سفید مکھی کاٹن لیف کرل وائرس کو پھیلانے کا سبب بنتی ہے ۔

(جاری ہے)

زرعی ماہرین کے مطابق سفید مکھی کے موثر تدارک کیلئے متبادل فصلوں اور میزبان پودوں بالخصوص جڑی بوٹیوں کی موثر تلفی ضروری ہے ۔اس مقصد کیلئے بہاریہ فصلات خاص طور پر سبزیوں کی باقیات فوراََ تلف کریں۔ ترجمان نے کہا کہ زرعی ماہرین کی سفارش کے مطابق سفید مکھی کے کنٹرول کیلئے ایک ہی قسم کی زہر بار بار استعمال نہ کریں بلکہ مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے بدل کر سفارش کردہ زہر کا سپرے کریں۔