صوابی میں صحت اور تعلیم کی جدید سہولتیں عوام کو ان کی دہلیز پر فراہم کر کے دم لوں گا،اسدقیصر

ناجائز پیسہ کمانے کا شوق نہیں رکھتا ،نہ ہی اقرباء پروری کا حامی ہوں ،سیاست صرف اور صرف عوام کی خدمت اور عبادت کیلئے کررہاہوں،سپیکر پختونخوا اسمبلی

پیر 13 اپریل 2015 17:58

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 اپریل۔2015ء) سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ صوابی میں صحت اور تعلیم کی جدید سہولتیں عوام کو ان کی دہلیز پر فراہم کر کے دم لوں گا انہوں نے ان خیالات کا اظہار رورل ہیلتھ سنٹر صوابی (مرغز) میں جدید ایکسرے پلانٹ اور جدید لیبارٹری کا افتتاح کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ایم این اے عاقب اللہ خان‘ ڈی ایچ اوصوابی ڈاکٹر نیاز ڈاکٹر طفیل اور گجو خان میڈیکل کالج کی پرنسپل اقبال بیگم نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سپیکر اسد قیصر کو ضلع صوابی میں گجو خان میڈیکل کالج اور خواتین یونیورسٹی کے قیام سمیت صحت اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں بے مثال سہولتوں کے اجراء پر خراج تحسین پیش کیا ڈی ایچ او صوابی نے بتایا کہ رورل ہیلتھ سنٹر میں ایسے جدید ایکسرے پلانٹ اور لیبارٹری کے قیام کی دیگر علاقوں میں مثال نہیں ملتی انہوں نے سپیکر کی عوام دوستی اور جذبوں کی تعریف کی اور کہا کہ ایسے لیڈر عوام کو بہت ہی کم ملتے ہیں سپیکر نے کہا کہ منتخب ہوتے ہی میری تمام تر توجہ صوابی کے طلباء وطالبات اور محروم عوام کو صحت وتعلیم کی سہولتوں کی فراہمی پر مرکوز کی پہلے ہی بجٹ میں گجو خان میڈیکل کالج وغیرہ کیلئے فنڈز مختص کئے ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کروائی تاکہ عوام کو صحت کی سہولتیں ان کے قریبی مقامات پر فراہم کی جاسکیں انہوں نے کہا کہ صوابی کے عوام رواداری کے طور پر دیگر پارٹیوں کے سابق امیدواروں کو خوش کرنے کیلئے نعرے بازی اور تالیاں بجاتے رہے لیکن انہوں نے ان لوگوں کے خلوص کا جواب ان کو محرومیوں کے اندھیروں میں دھکیل کردیا اور خالی وعدو پر ٹرخا دیا جوکہ انصاف کے تقاضوں کے برعکس ہے انہوں نے کہا کہ میں ایک عام آدمی ہونے کے ناطے غریب عوام اور نوجوانوں کے مسائل بخوبی سمجھتا ہوں اس لئے عوام سے جو وعدہ کیا وہ کر کے دکھا دیا انہوں نے کہا کہ ناجائز پیسہ کمانے کا شوق نہیں رکھتا اور نہ ہی اقرباء پروری کا حامی ہوں سیاست صرف اور صرف عوام کی خدمت اور عبادت کیلئے کرنے کا تہیہ کئے ہوئے ہوں انہوں نے کہا کہ عوام باشعور ہیں اور وہ سابق ممبران اسمبلی کے خالی نعرہ بازی اور میرے دور میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات میں فرق محسوس کرسکتے ہیں انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ صوابی میں عوام اور علاقہ کی خوشحالی و ترقی کیلئے بلدیاتی انتخابات میں ایک بار پھر ان پر اپنے اعتماد کا اظہار کریں تو وہ وقت دور نہیں کہ صوابی میں تعمیر وترقی اور خوشحالی کا ایسا باب رقم کروں گا کہ مخالفین کے پاس بھی تنقید کے لئے کچھ نہیں بچے گا انہوں نے کہا کہ میرے لئے تمام صوابی کے عوام یکساں اہمیت کے حامل ہیں اور میں بلا امتیاز تمام لوگوں کی خدمت پر یقین رکھتا ہوں۔

متعلقہ عنوان :