عوام کو ضمنی انتخابات NA-246میں صحت مند ماحول کی فراہمی اولین ترجیح ہیں، سید کمال احمد

پیر 13 اپریل 2015 18:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 اپریل۔2015ء) ایڈمنسٹر یٹر بلدیہ وسطی سید کمال احمد نے کہا ہے کہ NA-246کے تمام پولنگ اسٹیشن کے اندر و اطراف میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے NA-246کے ضمنی انتخابات کے موقع پر صفائی ستھرائی کے حوالے سے الیکشن کمیشن ڈسٹرکٹ سینٹرل کی جانب سے موصول ہونے والے خط کے حوالے سے بلائے گئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر اقبال احمد خان ، ندیم حنیف ،تسلیم بیگ ،محمد علی ، غوث محی الدین، اکبر حسین اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔سید کمال احمد نے کہا کہ NA-246کے ضمنی انتخاب کے موقع پر تمام پولنگ اسٹیشن کے اطراف تجاوزات کے خاتمے اور وال چاکنگ کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی قسم کی تخریب کاری کا اندیشہ نہ ہو سکے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر لائٹس ، صفائی ستھرائی ، پینے کے پانی کے انتظامات کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضمنی انتخابات میں کسی بھی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی تمام محکمہ جات کے افسران اپنے عملے کی حاضری کو یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات اٹھائیں تاکہ بلدیاتی امور کی انجام دہی کو بہتر بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی روزانہ کا کام ہے اس میں ایک روز کی کوتاہی بھی سابقہ کارکردگی کو صفر کردیتی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ضمنی انتخابات NA-246 کے درمیان صفائی ستھرائی اور دیگر بلدیاتی سہولیات مہیا کرکے عوام کو صحت مند اور پرفضا ماحول دے سکیں گے۔