شرحوں میں ردو بدل،تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کا بوجھ بڑھ گیا

منگل 14 اپریل 2015 16:08

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 اپریل۔2015ء)ملک میں تنخواہ دار ٹیکس گزاروں کیلئے ٹیکس قوانین میں سختی، شرحوں میں ردوبدل کے سبب اس طبقے پر ٹیکس کا بوجھ بڑھ گیا ۔ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی جولائی تا دسمبرکے دوران ملک کے تنخواہ دار طبقے کی تنخواہوں اور مراعات پر انکم ٹیکس کی مد میں 33.260ارب روپے وصول ہوئے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 26.510ارب روپے وصول کیئے گئے تھے ۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ودہولڈنگ انکم ٹیکس کی وصولی میں 6.75ارب روپے یا23.40فیصد کا اضافہ ہوا ۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کی جانب سے جاری ششماہی رپورٹ کے مطابق ودہولڈنگ ٹیکس کی شرحوں میں اضافے کے سبب ملک میں بجلی کے صارفین سے بلوں کے ہمراہ ودہولڈنگ ٹیکس کی وصولی رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران13ارب99کروڑ روپے ہوئی ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران9ارب24کروڑ روپے کی وصولی ممکن ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

اس طرح بجلی کے بلوں کے ساتھ ودہولڈنگ ٹیکس کی وصولی میں 4.74ارب روپے کا اضافہ ہوا ۔ٹیلیفون صارفین کے بلوں کے ساتھ ودہولڈنگ ٹیکس کی مد میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران23ارب20کروڑ روپے کی وصولی ہوئی ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں 25ارب39کروڑ روپے کی وصولی ہوئی تھی، اس طرح اس مدمیں اس سال 2.1ارب روپے کی کمی ہوئی ہے بینکوں سے نقد رقوم نکلوانے پر عائد ٹیکس کی مد میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران11.74ارب روپے کی وصولی ہوئی ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران اس مد میں 9.24ارب روپے کی وصولی ہوئی۔

اس طرح وصولی میں اس سال2.35ارب روپے کا اضافہ ہوا، تعمیراتی منصوبوں کے معاہدوں پرودہولڈنگ ٹیکس کی مد میں 71.054ارب روپے کی وصولی ہوئی جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی ششماہی میں 57ارب کی وصولی ہوئی تھی اور اس کی شرح میں 14.04ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے ۔ بینک قرضوں کے سود پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس کی مد میں حکومت کو 22.945ارب روپے کی وصولی ممکن ہوئی جبکہ گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران مجموعی طور پر18.45ارب روپے کی وصولی ہوئی تھی اس طرح ٹیکس وصولی میں 4.49ارب روپے کا اضافہ ہوا ۔

درآمد ات سے 72ارب94کروڑ روپے کی ودہولڈنگ ٹیکس کی وصولی ممکن ہوئی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 62ارب54کروڑ روپے کی وصولی ہوئی تھی۔اس طرح درآمدات کی سطح پر وہولڈنگ ٹیکس کی شرح میں10.39ارب روپے یا 26.10فیصد اضافہ ہوا ہے ۔