سرگودھا کاشہری نجی ہسپتال میں سوائن فلو میں مبتلا ہونے سے دوران علاج دم توڑ گیا

ڈاکٹرز ہسپتال کی انتظامیہ نے محکمہ صحت کو مذکورہ سوائن فلو کے کیس کے حوالے سے آگاہ نہیں کیا تھا  ڈاکٹر زاہد پرویز ‘ انکوئری کی جارہی ہے، خواجہ سلمان رفیق

منگل 14 اپریل 2015 17:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 اپریل۔2015ء)محکمہ صحت نے کہا ہے کہ سرگودھا کا ایک شہری نجی ہسپتال میں سوائن فلو میں مبتلا ہونے کی وجہ سے دوران علاج دم توڑ گیا ہے جاں بحق ہونے والے مریض کی شناخت سید الطاف حسین شیرازی کے نام سے ہو ئی ہے جو ڈاکٹرز ہسپتال میں زیر علاج تھا۔محکمہ صحت کے مطابق مذکورہ سوائن فلو میں ہلاکت کا کیس پنجاب میں رواں سال کا پہلا کیس ہے جس میں مریض میں ایچ ون این ون وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

محکمہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر زاہد پرویز نے کہا کہ ڈاکٹرز ہسپتال کی انتظامیہ نے محکمہ صحت کو مذکورہ سوائن فلو کے کیس کے حوالے سے آگاہ نہیں کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ سوائن فلو کے مریض کی موجودگی کی اطلاع پر محکمہ صحت کے ماہرین نے متاثرہ مریض کے خون کے نمونے لے کر گزشتہ دنوں جانچ کیلئے اسلام آباد میں قائم قومی ادارہ صحت کو بھجوائے تھے اور رپورٹس کے مطابق مریض میں سوائن فلو کی تصدیق ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ڈی جی نے کہاکہ مریض ضلع سرگودھا کا رہائشی تھا۔ڈاکٹر پرویز نے کہاکہ مریض سے ملنے والے افراد خون کے نمونے حاصل کرنے کیلئے ایک ٹیم نے ضلع سرگودھا جا کر ان کے خون کے نمونے بھی حاصل کئے ہیں ایسی ہی ایک ٹیم نے سوائن فلو کے متاثرہ مریض کو علاج کی سہولیات فراہم کرنے والے نجی ہسپتال سے بھی لوگوں کے خون کے نمونے حاصل کیے گئے ہیں۔ڈاکٹر پرویز نے کہاکہ یہ ہسپتال انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایچ ون این ون وائرس سے متاثرہ مریضوں کے حوالے سے محکمہ صحت کے سی ڈی سی سیکشن کو اطلاع فراہم کریں۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ محکمہ صحت نے پہلے ہی پڑوسی ملک بھارت میں سوائن فلو کے باعث پاکستان میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ادھر صحت کے مشیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ اس واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوئری کی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر انکوئری کے دوران ہسپتال کی جانب سے معیاری آپریشنل ضابطے کی خلاف ورزی سامنے آئی تو نجی ہسپتال کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے مذکورہ معاملے کو پنجاب ہیلتھ کمیشن کے سامنے پیش کردیا جائے گا۔