پنجاب بھر میں جعلی وغیر معیاری ادویات تیار اور فروخت کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاوٴن کا فیصلہ

جنوبی وشمالی پنجاب کیلئے دو علیحدہ ٹاسک فورس تشکیل دینے کا اعلان،ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کی منظوری جعلی و غیر معیاری ادویات کے دھندے میں ملوث افراد کیخلاف سزا کو سخت بنانے کیلئے قانون میں ضروری ترامیم کرنے کی ہدایت جعلی ادویات کا مکروہ دھندا کرنیوالے انسانیت کے کھلے دشمن ہیں، ملوث افرادکڑی ترین سزا کے حقدار ہیں‘محمد شہبازشریف مکروہ دھندے میں ملوث فیکٹریوں اورمیڈیکل سٹوروں کے مالکان کیخلاف بلاامتیار کارروائی کی جائے‘وزیراعلیٰ کا ویڈیولنک اجلاس سے خطاب

منگل 14 اپریل 2015 17:59

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 اپریل۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب بھر میں جعلی اورغیر معیاری ادویات تیار اور فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاوٴن کا فیصلہ کیا گیا ہے ،وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں شارٹ ٹرم ،میڈم ٹرم اور لانگ ٹرم ایکشن پلان مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو زہر قاتل سے بچانے کیلئے شارٹ ٹرم اقدامات پر فوری عملدر آمد کیا جائے،جعلی ادویات کا دھندا ایک ناسور ہے، جس کا خاتمہ کر کے دم لیں گے، جعلی ادویات کا مکروہ دھندا کرنے والے انسانیت کے کھلے دشمن ہیں،انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے کسی رورعائت کے مستحق نہیں اورجعلی ادویات کے دھندے میں ملوث افرادکڑی ترین سزا کے حقدار ہیں، وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جعلی و غیر معیاری ادویات کے دھندے میں ملوث افراد کے خلاف سزا سخت کرنے کے حوالے سے قانون میں ضروری ترامیم کی جائیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جعلی ادویات کے دھندے کے سدباب کیلئے شارٹ ٹرم،میڈیم ٹرم اورلانگ ٹرم ایکشن پلان مرتب کیا جائے اوراس پرعملدر آمد کے حوالے سے موثر اقدامات اٹھائے جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ جعلی و غیر معیاری ادویات تیار کرنے والی فیکٹریوں اور فروخت کرنے والے میڈیکل سٹوروں کے مالکان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہونی چاہیے کیونکہ جعلی ادویات کا مکروہ دھندا بھی ایک قسم کی دہشت گردی ہے اورموت کے بیوپاریوں کے خلاف ایسا ایکشن ہونا چاہیے کہ کوئی یہ مکروہ دھنداکرنے کا سوچ بھی نہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی و غیر معیاری ادویات کے خلاف کارروائی کو قومی مشن سمجھ کر آگے بڑھایا جائے گا۔

موثر مانیٹرنگ اور انسپکشن کا نظام بھی متعارف کرائیں گے۔وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں جنوبی پنجاب اورشمالی پنجاب کیلئے دو علیحدہ علیحدہ ٹاسک فورس تشکیل دینے کا اعلان کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب خودٹاسک فورس کے چےئرمین ہوں گے۔وزیراعلیٰ نے جعلی و غیر معیاری ادویات کے خلاف پائیدار بنیادوں پر تسلسل کیساتھ کارروائی کیلئے ادارہ جاتی اصلاحات کی بھی منظوری دی۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کی بھی منظوری دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اتھارٹی کو خود مختار بورڈ آف گورنرز چلائے گا۔وزیراعلیٰ نے مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق ،پارلیمانی سیکرٹری خواجہ عمران نذیر ،سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک کی جعلی ادویات کے دھندے کے خاتمے کیلئے بروقت اقدامات کرنے پران کی کاوشوں کو سراہا۔سیکرٹری صحت نے جعلی و غیر معیاری ادویات کے خلاف کارروائی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، پارلیمانی سیکرٹر ی صحت خواجہ عمران نذیر، اراکین صوبائی اسمبلی، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری،سیکرٹریز صحت، قانون، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی سی او لاہور اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :