وزیر اعلی نے ڈسٹرکٹ و تحصیل ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کے خصوصی پے پیکیج کیلئے 2 ارب روپے کی منظوری دے دی

محکمہ صحت سندھ کے 14رکنی وفد کی مشیر صحت پنجاب سے ملاقات ،ہیلتھ انشورنس سسٹم رواں سال ہی کام شروع کر دیگا‘وفد کو بریفنگ

منگل 14 اپریل 2015 20:24

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 اپریل۔2015ء) پنجاب کے ہیلتھ کیئر ڈلیوری سسٹم کو اپ گریڈ کرنے اور عوام کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے چیف منسٹر ہیلتھ روڈ میپ پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا اور وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کے خصوصی پے پیکیج کے لئے 2 ارب روپے جبکہ مذکورہ ہسپتالوں کے انفراسٹرکچر کی رینوویشن کے لئے ڈیڑھ ارب روپے کے فنڈز فراہم کئے ہیں،خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ بنیادی مراکز صحت آباد کرنے کے لئے ڈاکٹروں کی عمر میں رعایت دینے کی تجویز زیر غور ہے ۔

انہوں نے یہ بات ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ پنجاب کے کمیٹی روم میں محکمہ صحت سندھ کے افسران کے 14 رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے سپیشل سیکرٹری ہیلتھ سندھ ڈاکٹر خالد حسین شیخ کے ہمراہ مشیر صحت سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وفد میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سندھ ڈاکٹر حسن مراد شاہ بھی شامل تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر زاہد پرویز کے علاوہ محکمہ صحت کے سینئر افسران اور ہیلتھ سپیشلسٹ ڈاکٹر نعیم الدین میاں بھی موجود تھے۔

خواجہ سلمان رفیق نے وفد کو پنجاب کے ہیلتھ کیئر ڈلیوری سسٹم میں اصلاحات اور پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کی اپ گریڈیشن کے لئے کئے گئے اقدامات بارے بریفنگ دی۔ خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ پنجاب میں ای ڈی اوز ہیلتھ اور ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کی تقرری کے لئے غیر جانبدار سرچ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اور مذکورہ عہدوں پر تقرری کے لئے کسی قسم کا سیاسی دباؤ قبول نہیں کیا جاتا۔

خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ تحصیل و ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی تعیناتی کے لئے خصوصی پے پیکج کی منظوری دے دی گئی ہے اور مذکورہ ڈاکٹرز کو موجودہ تنخواہ سے ڈیڑھ سے دو گنا زیادہ تنخواہ دی جائے گی۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز نے بتایا کہ تحصیل ہسپتال کے لئے 247 اور ڈسٹرکٹ ہسپتالوں کے لئے268 ادویات کی فہرست مرتب کی گئی ہے اور تمام ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔

خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ پنجاب میں محکمہ صحت کے افسران کی کارکردگی جانچنے کے لئے( کی پرفارمنس انڈیکیٹرز )متعارف کرا دیئے گئے ہیں اور بہترین کارکردگی پر وزیر اعلی ای ڈی او ہیلتھ کو 50 ہزار روپے نقد انعام دیتے ہیں جبکہ غیر تسلی بخش کارکردگی پر افسران کی سخت جوابدہی کی جاتی ہے ۔ خواجہ سلمان رفیق نے وفد کو بتایا کہ پنجاب کے 4 اضلاع میں ہیلتھ انشورنس سکیم رواں سال ہی متعارف کرا دی جائے گی۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام ، مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ پروگرام اور نیوٹریشن پروگرام کو مربوط کر کے ایک آئی آر ایم این سی ایچ پروگرام شروع کر دیا گیا ہے تا کہ کام کی ڈپلیکیشن سے بچا جا سکے اور افرادی و مالی وسائل کا بہتر سے بہتر استعمال ممکن بنایا جا سکے ۔ محکمہ صحت سندھ کے وفد کے ارکان نے صوبے کی ترقی خصوصا ہیلتھ سیکٹر ریفارمز کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات اور چیف منسٹر ہیلتھ روڈ میپ کے تحت سیکنڈری و پرائمری ہیلتھ کیئر کی اپ گریڈیشن کے اقدامات پر حکومت پنجاب اور وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی کاوشوں اور ان تھک محنت کو سراہتے ہوئے محمد شہباز شریف کو ایک انتہائی متحرک وزیر اعلی قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :