حکومت پنجاب صوبے کو پولیو سے پاک کرنے کے لئے تمام توانائیاں صرف کرے گی ‘ خواجہ سلمان رفیق

مختلف اضلاع میں انکار کے معاملے کو کور کرنے کے لئے ڈی سی اوز سے مدد لی جائے گی ‘ مشیر صحت پنجاب

منگل 14 اپریل 2015 20:46

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 اپریل۔2015ء) مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ حکومت صوبے کو پولیو سے پاک رکھنے کے لئے تمام توانائیاں صرف کرے گی اور تمام حکومتی وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا ۔انہوں نے یہ بات یہاں پراونشل ایمرجنسی آپریشن سنٹر برائے پولیو کے دورہ کے موقعہ پر ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔اجلاس میں لاہور سمیت صوبے کے آٹھ حساس اضلاع میں انسداد پولیو کی 3 روزہ مہم کی رفتار کے علاوہ پولیو کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز ، ڈائریکٹر ہیلتھ ای پی آئی ڈاکٹر منیر احمد ، محکمہ صحت کے سینئر افسران اور انٹر نیشنل ڈویلپمنٹ پارٹنرز کے نمائندوں نے شرکت کی - خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ بعض ضلعوں میں کچھ والدین کی جانب سے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کا معاملہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کے نوٹس میں لایا جائے گا او راس سلسلہ میں انتظامی اقدامات کے لئے ڈی سی اوز کو آن بورڈ لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران ای ڈی او راولپنڈی سے ٹیلی فون پر انسداد پولیو مہم میں پیش رفت اور انکار کے معاملے بارے تفصیلات معلوم کیں ۔ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر منیر احمد نے بتایا کہ لاہور اور راولپنڈی کے لئے 4000 نئی آسامیاں پیدا کی گئی ہیں جس سے پولیو مہم کے سلسلہ میں والنٹئرز اور نان پروفیشنل سٹاف پر انحصار بہت کم ہو جائے گا -انہوں نے بتایا کہ صوبے میں روٹین ایمونائزیشن کے سلسلہ میں E-vaccs کارڈ متعارف کرایا جا رہا ہے جس پر بچہ کا ڈیٹا آن لائن ہو جائے گا جس سے ویکسینیشن کے بارے فرضی رپورٹنگ اور ویکسینیٹنگ سٹاف کی غیر حاضری کا کلچر ختم کرنے میں مدد ملے گی -اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں پولیو کی موجودہ صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے پاکستان کے وسطی علاقوں خاص طو رپر وہ اضلاع جہاں انٹر پراونشل پولیو ٹرانسمیشن کے خدشات ہیں، پر خصوصی توجہ دی جائے ۔

خواجہ سلمان رفیق نے ایسی منتخب یونین کونسلوں میں ہیلتھ کیمپ لگانے کی منظوری دی جہاں فکسڈ ای پی آئی سینٹرز موجود نہیں ہیں ۔ ان ہیلتھ کیمپس میں مقامی آبادی کو روٹین ایمونائزیشن کی تمام سہولیات مہیا کی جائیں گی ۔

متعلقہ عنوان :