تعلیم صحت مند ماحول ،خوشحال معاشرے اور ملکی ترقی کی بنیاد ہے،قاری محمد حنیف

منگل 14 اپریل 2015 21:04

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 اپریل۔2015ء) قوموں کی ترقی و پستی اور کمال و زوال کا دارومدار تعلیم پر ہے تاریخ شاہد ہے کہ دنیا میں وہ ہی قومیں معاشی و معاشرتی ترقی کی منازل طے کرتی ہیں جو کتاب سے تعلق جوڑ کر پوری طرح علم کے زیور سے آراستہ ہوں۔سلطنتوں کا قیام اور استحکام بھی طاقت نہیں تعلیم کا مرہون منت ہے۔ان خیالات کا اظہارپاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قادر بخش برفت نے المہران پبلک اسکول سکھیا گوٹھ گڈاپ ٹاؤن میں منعقدہ سالانہ تقریب تقسیم اسناد و انعامات سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے مذید کہاکہ امن ہر شہری کا بنیادی حق اور صحت مند ماحول کی اکائی ہے اور اس کے حصول کے لئے تعلیم کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے کیوں کہ امن شعور کے بغیر اور شعور علم کے بغیر ناممکن ہے لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ علم کی روشنی ہر سو پھیلائی جائے۔

(جاری ہے)

صدر تقریب وسربراہ المہران اسکول قاری محمد حنیف نے کہا کہ گھر محلے اور شہر کے ماحول کا اثر طالب علموں کو براہ راست متاثر کرتا ہے تعلیم کا حصول جس قدر آسان ہوگاماحول بھی اس قدر صحت افزا ہوگا۔

حکمران ہوں یا عام شہری انہیں تعلیم کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے اپنے فرائض و ذمہ داری احسن طریقے سے انجام دینی ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی خدمت و ترقی اور خود کو ایک کامیاب انسان بنانے کے لئے بچوں کو تعلیم کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنا ہونگی تاکہ وہ خود کو معاشرے کا ایک مفید شہری ثابت کرسکیں۔مہمانان اعزازی ڈائریکٹر اسلامی نظامت تعلیم ضلع وسطی ڈاکٹر خالد محمود،نالج ان اسکول کے سربراہ احمد رمضانی ،غلام مصطفٰے ساریو،وقاص شیخ ،محمد حسین برفت نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم کا فروغ ہماری اولین ترجیح ہے کیونکہ ملک و قوم کی ترقی اور نسل نو کی مثبت رہنمائی کے لئے علم دوستی کا جذبہ پیدا کرنا اشد ضروری ہے۔

حالات جس نزاکت کا شکار ہیں وہ پوری قوم کے لئے لمحہ فکریہ ہیں لہٰذا بحیثیت قوم ہر فرد کو ہماری نوجوان نسل کو گمراہی اور مایوسی کے اندھیروں سے نکالنے کے لئے تعلیم کا حصول ہر سطح پر آسان اور ممکن بنانا ہوگا۔اس موقع پر کمپئرنگ کے فرائض سر عمر فاروق نے سرانجام دئے جبکہ تقریب کے دوران بچوں نے علمی، ادبی ،قومی وملی یکجہتی اور سماجی و معاشرتی تناظر میں ٹیبلوز پیش کر کے شرکاء سے زبردست داد وصول کی،اختتام تقریب پر مہمانان گرامی نے پوزیشن ہولڈرز بچوں میں اسناد و انعامات تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :