حق پرست وزراء ، ارکان اسمبلی ، سینیٹرز اور بلدیاتی نمائندے غریب ومتوسط طبقہ کے نمائندے ہیں اس لئے انہیں پرتعیش زندگی سے پرہیز کرتے ہوئے سادگی اور انکساری اختیار کرنی چاہئے، الطاف حسین

ہفتہ 18 اگست 2007 14:18

لندن (اردوپوائنٹ تازہ ترین۔ 18 اگست 2007) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ حق پرست وزراء ، ارکان اسمبلی ، سینیٹرز اور بلدیاتی نمائندے غریب ومتوسط طبقہ کے نمائندے ہیں اس لئے انہیں پرتعیش زندگی سے پرہیز کرتے ہوئے سادگی اور انکساری اختیار کرنی چاہئے ۔ وہ ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں سیکریٹریٹ کے ارکان کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر انسان کے دعووٴں کی عکاسی اس کے عمل میں نہ ہوں تو ایسے عمل کو ہم منافقت کے سوا دوسرا نام نہیں دے سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ اٹھانوے فیصد غریب ومتوسط طبقہ کے عوام کی نمائندگی اور عوام کی فلاح وبہبود کا دعویٰ کرنے والوں کے طرز عمل میں بھی اس دعوے کی عکاسی ہونی چاہئے ۔ اس لئے حق پرست وزراء ، ارکان اسمبلی ، سینیٹرز اور بلدیاتی نمائندے پرتعیش زندگی کی دوڑ میں پڑنے کے بجائے اس بات کی دوڑ کریں کہ کون عوام کی زیادہ سے زیادہ خدمت کررہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں منتخب ہونے کے بعد وزراء اور ارکان اسمبلی خود کو عوام کا حاکم سمجھنے لگتے ہیں ۔ حق پرست وزراء ، ارکان اسمبلی ، سینیٹرز اور بلدیاتی نمائندے اس سوچ اور طرز عمل سے پرہیز کریں ، خود کوعوام کا خادم سمجھتے ہوئے سادگی وانکساری کا عمل اختیار کریں۔