وزیر امور کشمیر چوہدری محمد برجیس طاہر کاسابق صدر و وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار سکندر حیات خان سے ٹیلی فونک رابطہ ، صحت اور خیریت دریافت کی

بدھ 15 اپریل 2015 17:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15اپریل۔2015ء) وزیر امور کشمیر چوہدری محمد برجیس طاہر نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر نائب صدر و سابق صدر و وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار سکندر حیات خان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انکی صحت اور خیریت دریافت کی۔ وزیرامور کشمیر چوہدری محمد برجیس طاہر نے سردار سکندر حیات خان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں آزاد کشمیر کی تعمیر وترقی میں گہری دلچسپی رکھتی ہے جس کیلئے وفاقی حکومت نے اپنیPSDPسے آزاد کشمیر کی ترقی کیلئے اربوں روپے مختص کر رکھے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ آزاد کشمیر کو پاکستان کے ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لایا جائے اور یہی وجہ ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے پروگرامات کو مساوی بنیادوں پر نہ صرف چاروں صوبوں میں بلکہ ان کا دائرہ کار آزاد کشمیر و گلگت بلتستان تک بڑھایا گیا ہے جسکی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) آزاد جموں وکشمیر آپ کی زیر سرپرستی و قیات میں آزاد کشمیر کے آئندہ الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی اور پیپلز پارٹی سے اتحاد کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔انہوں نے سردار سکندر حیات خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی آزاد خطہ کے عوام اور جماعت کیلئے بڑی خدمات ہیں جنھیں مرکزی قیادت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور انشاء اللہ آئندہ بھی آپ کے تجربے، سیاسی بصیرت اور راہنمائی سے آزاد کشمیر میں ایک عوامی حکومت قائم کی جائیگی تاکہ آزادکشمیر کے لوگوں کے عزت نفس اورعوامی حقوق کی بحالی ممکن ہو سکے۔

سردار سکندرحیات خان نے وزیرامور کشمیر چوہدری محمد برجیس طاہر کو اپنے جذبات سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر میں کرپشن کی انتہا کر رکھی ہے اور کشمیریوں کے تشخص کو بری طرح پامال کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے اندر کارکنوں کی اکثریت پیپلز پارٹی کے مظالم، نا انصافیوں کی طویل عرصے سے شکار رہی ہے اور پیپلز پارٹی نے 1975میں سردار عبدالقیوم خان کیخلاف اور1996میں خود ان کیخلاف اور بعد میں پیپلز پارٹی نے سردار عتیق سے مل کر راجہ محمد فاروق حیدر خان کیخلاف عدم اعتماد کیا اور پھر آزاد کشمیر کے گذشتہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کی وفاقی حکومت کی ایما ء پر دھونس دھاندلی اور نادارہ کے جعلی شناختی کارڈ، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے آزاد کشمیر کے لوگوں کے حق رائے دہی پر ڈاکہ ڈالا گیا۔

سردار سکندر حیات خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کیساتھ آزاد کشمیر میں انتخابی مفاہمت کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ وزیرامور کشمیر چوہدری برجیس طاہر نے کہا کہ پاکستان میں بھی پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ(ن) کیخلاف کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیا، ججوں کی بحالی، پنجاب حکومت کے خلاف عدم اعتماد اس کی واضح مثالیں ہیں۔راٹھور