ڈینگی وائرس کے تدارک اور بچاوٴ کے تمام حفاظتی اقدامات کوبروقت مکمل کیا جائے،اے ڈی سی اٹک کنزہ مرتضیٰ

بدھ 15 اپریل 2015 19:26

اٹک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15اپریل۔2015ء) اے ڈی سی اٹک کنزہ مرتضیٰ نے ضلعی محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ ڈینگی وائرس کے تدارک اور بچاوٴ کے تمام تر حفاظتی اقدامات کوبروقت یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھا جاسکے۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں منعقدہ ڈینگی ہفتہ ورانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹرملک عبادت دیگر متعلقہ محکموں کے نمائیندے بھی اس موقع پر موجو د تھے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اٹک ملک عبادت نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ضلع اٹک میں اس وقت ڈینگی کا کوئی مریض نہیں ہے ۔ ضلع بھر کی تمام سرکاری ہسپتالوں اور مراکز صحت میں ڈینگی کے علاج کی ادویات وافر مقدار میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے حوالے سے حساس علاقوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

اے ڈی سی اٹک نے ٹی ایم ایز اور اسسٹنٹ کمشنروں کو ہدایت کی کہ و ہ اپنے اپنے علاقوں میں ڈینگی وائرس سے حفاظتی تدابیر کے متعلق آگاہی کے بینرز آویزاں کریں اور عوام کو آگاہ کرنے کی مہم بھی شروع کی جائے ۔

انہوں نے ٹی ایم ایز کو ہدایت کی کہ اپنی تحصیلوں میں صفائی اور پانی کے نکاس پر خصوصی توجہ دی جائے ، حساس علاقوں میں سپرے کیا جائے اور تمام تر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔اے ڈی سی اٹک نے اس موقع پر عوام کو ہدایت کی کہ وہ پورے آستینوں کے لباس استعمال کریں۔ گھروں میں پانی کی نکاسی کو یقینی بنائیں، رات کے وقت مچھر دانی اور کوائل وغیرہ کا استعمال کریں۔ بخار کی صورت میں قریبی سرکاری شفاخانوں سے رجوع کریں تاکہ ڈینگی کی تشخیص کی صورت میں مکمل علاج ممکن ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :