شوگر مل برانچ کے ایک سو سے زائد قصبوں و دیہاتوں کے باشندوں کاحیسکو پنگریو کے لائن مین محمد ملاح کے خلاف احتجاج

بدھ 15 اپریل 2015 22:46

پنگریو ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15اپریل۔2015ء) پنگریو گرڈا سٹیشن سے منسلک شوگر مل برانچ کے ایک سو سے زائد قصبوں و دیہاتوں کے باشندوں نے حیسکو پنگریو کے لائن مین محمد ملاح کے خلاف پریس کلب کے سامنے زبردست احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ لائن مین شوگر مل برانچ کی لائن ہر وقت منقطع رکھتا ہے جس کی وجہ سے اس لائن پر واقع ایک سو سے زائد قصبوں اور دیہاتوں میں پینے کے پانی اور آٹے کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے جبکہ رات کے وقت بجلی بند رہنے کے باعث یہ قصبے اور دیہات تاریکی میں ڈوبے رہتے ہیں بجلی نہ ہونے کا فائدہ اٹھا کر جرائم پیشہ افراد اور چور وارداتیں کر رہے ہیں جس کی وجہ سے عوام کی سانسیں مٹھی میں آگئی ہیں مظاہرین کے رہنما اور انسانی حقوق کی تنظیم گلوبل فاؤنڈیشن ہیومین رائٹس نیٹ ورک تحصیل ٹنڈو باگو کے کو آرڈینیٹر مخدوم اکبر علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیسکو پنگریو کا کرپٹ لائن مین محمد ملاح جان بوجھ کر شوگر مل برانچ کی بجلی چوبیس گھنٹوں میں سے بیس گھنٹے بند رکھتا ہے ہم نے اس سلسلے میں متعدد بار مذکورہ لائن مین سمیت ایس ڈی او تلہار، ایکسیئن حیسکو بدین کو طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی شکایات کی ہیں مگر نہ تو لائن مین اور نہ ہی حیسکو افسران ہماری بات سننے کے لئے تیار ہیں اور بدستور بیس گھنٹوں تک غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے انہوں نے کہا کہ حیسکو پنگریو کا لائن مین انتہائی بد عنوان ہے جو کہ اپنی کرپشن چھپانے کے لئے مختلف برانچوں کی بجلی منقطع رکھتا ہے اور پنگریو گرڈا سٹیشن کا عملہ بھی اس سے ملا ہوا ہے مخدوم اکبر علی نے مزید کہا کہ شوگر مل برانچ سے منسلک قصبوں اور دیہاتوں کے صارفین باقاعدگی کے ساتھ بجلی کے بل ادا کرتے ہیں مگر اس کے باوجود ان کی بجلی بیس بیس گھنٹے تک بند رکھی جاتی ہے جو کہ ان صارفین کے ساتھ سراسر ظلم اور نا انصافی ہے انہوں نے کہا کہ طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث اس برانچ پر واقع قصبوں اور دیہاتوں کی مساجدمیں وضو کے لئے بھی پانی نہیں ملتا انہوں نے کہا کہ موجودہ ایکسیئن بدین اور ایس ڈی او کے آنے کے بعد بد عنوان لائن مین محمد ملاح کی من مانیاں بڑھ گئی ہیں اس لائن مین کے خلاف بے پناہ عوامی شکایات کے باجود اس کے خلاف کاروائی نہیں کی جارہی جس کی وجہ سے علاقے کے صارفین میں حیسکو حکام کے خلاف زبردست اشتعال پھیل رہا ہے انہوں نے کہا کہ وہ لائن مین محمد ملاح اور اس کے سرپرست حیسکو افسران کی صارفین دشمن پالیسیوں اور کرپشن کے خلاف عدالت میں مقدمہ درج کریں گے اور ان بدعنوان افسران کا گھیراؤ بھی کیا جائے گا اس موقع پر مظاہرین نے لائن مین اور ایس ڈی او حیسکو تلہار، ایکسئین بدین کے خلاف زبردست نعرے بازی بھی کی اور وفاقی وزیر پانی وبجلی، وزیر مملکت پانی وبجلی، چئیرمین واپڈا، اور ڈی جی ایف آئی اے سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کا نوٹس لیا جائے اور حیسکو پنگریو میں ہو نے والی ماہانہ لاکھوں روپے کی کرپشن اوربجلی چوری کے ساتھ ساتھ طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے اسباب کی تحقیقات کراکر ملوث حیسکو عملے و افسران کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔