حویلی لکھا‘محکمہ صحت کے حکام کی لاپروائی اور عدم توجیہی کے باعث علاقہ میں عطائیوں کی بھرمار

جمعرات 16 اپریل 2015 13:19

حویلی لکھا( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16اپریل۔2015ء)محکمہ صحت کے حکام کی لاپروائی اور عدم توجیہی کے باعث علاقہ میں عطائیوں کی بھرمار،اندون شہر اور دیہی علاقوں میں نیم حکیموں،نام نہاد ڈینٹیسٹوں،جعلی لیڈی ڈاکٹروں اور میٹرک فیل جعلی ڈاکٹروں اور لیب ٹیکنیشنوں کی موجیں لگ گئیں ،اندون شہر کئی میڈیکل اسٹور بغیر کسی لائسنس کے کاروبار کرنے میں مصروف،بیشتر میڈیکل اسٹوروں سے ڈاکٹری نسخہ کے بغیر نشہ آور ٹیکے گولیاں لینا معمولی سا کام ،جعلی ڈاکٹر خصوصاً علاقہ کی نوجوان نسل کو نشہ آور ٹیکے گولیاں مہیا کرکے جہاز بنانے میں مصروف،خادم ِ اعلیٰ پنجاب فوری طور پے نوٹس لیں علاقہ مکینوں کی اپیل۔

محکمہ صحت کے حکام کی چشم پوشی اور لاپروائی کے باعث شہر اور اِس کے گردونواح کے علاقوں میں عطائیوں نے ڈھیرے ڈال رکھے ہیں اور سادہ لوح افراد خصوصاً نوجوان نسل کو نشہ آور ٹیکے گولیاں فراہم کرکے انہیں نشہ کا عادی بنانے میں مصروف ہیں اندون شہر اور اِس کے دیہی علاقوں خصوصاً محلہ پیر اسلام ،محلہ شکور آباد ،آبادی غلام دستگیر والی،ولٹویا،جموں وچھل،بصیر پور روڈ ،صدر بازار،کوئیکی بہاول،پُل رانجھا،چک باوا،چک جوایا بلوچ،ماتاں والا،ماتاں کوٹھی،محلہ راٹھوڑاں والاکے علاقے نمایاں ہیں اِن علاقوں میں نیم حکیموں ،جعلی طبیبوں،دونمبر ڈینٹیسٹوں ،نام نہاد غیر تجربہ کار لیڈی ڈاکٹروں اور میٹرک فیل عطائی ڈاکٹروں اور لیب ٹیکنیشنوں نے عرصہ دراز سے اپنے ڈیرے جماکر سادہ لوح افراد کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جبکہ انتہائی قابلِ تشویش امر یہ ہے کہ متعلقہ ڈرگ انسپیکٹر بھی اِن معاشرتی ناسوروں کے خلاف کاروائی کرنے سے کتراتا ہوا نظر آتاہے،علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے فوری طور پے ازخود نوٹس لینے کی اپیل کی ہے،دوسری جانب میڈیکل اسٹور مالکان نے اپنی دوکانوں پے میٹرک فیل جاہل غیر تجربہ کار افراد کو تعینات کررکھا ہے جو کہ ممنوع ادویات بغیر ڈاکٹری نسخہ کے فراہم کرنے میں مصروف نظر آتے ہیں ۔

(جاری ہے)

اِس سلسلہ میں متعلقہ درگ انسپکٹر کا مو‘قف ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پے میڈیکل اسٹوروں کو چیک کرنے میں مصروف ہے جو بھی ممنوع ادویات فروخت کرنے یا بغیر کسی لائسنس کے کاروبار چلانے میں ملوث پایا گیا اُس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔