پرویز الٰہی نے صوبے میں تعلیم ،صحت ، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں کی ترقی پر بھرپور توجہ دی ہے‘ صدر مشرف

ہفتہ 18 اگست 2007 22:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اگست۔2007ء) صدر پاکستان جنرل پرویز مشرف نے ملتان اور ڈیرہ غازی خان ڈویژنوں سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور ناظمین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویزالٰہی کو جنوبی پنجاب میں پائے جانے والے احساس محرومی کا پورا احساس ہے او رمجھے اس بات پر خوشی ہے کہ انہوں نے یہاں تعلیم ،صحت ، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں کی ترقی پر بھرپور توجہ دی - انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب کی ترقی کے لیے وزیراعلی کے اقدامات میری پالیسیوں کے مطابق ہیں-انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویزالٰہی سے قومی و سیاسی امور پر مشاورت جاری رہتی ہے اور مجھے ان کی مکمل حمایت حاصل ہے-انہوں نے کہاکہ ڈاکٹروں کو 25ہزار روپے سے زائد تنخواہ دینے سے بنیادی مراکز صحت میں ڈاکٹر پہنچ رہے ہیں اوریہاں لوگوں کو علاج کی بہتر سہولتیں مفت حاصل ہو رہی ہیں-انہوں نے کہاکہ تعلیم کے فروغ کے لیے بھی ان کے اقدامات لائق تحسین ہیں - انہوں نے کہاکہ پنجاب میں 70ہزار اساتذہ میرٹ اوراچھی تنخواہوں پر بھرتی کیے گئے ہیں جس سے فروغ تعلیم میں مدد ملے گی - انہوں نے کہاکہ فنی تعلیم و تربیت اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے انتظامات بھی قابل تعریف ہیں - انہوں نے کہاکہ ہماری پالیسیوں سے غربت اور بے روزگاری میں مزید کمی واقع ہو گی -انہوں نے کہاکہ ملتان میں سیوریج وسینی ٹیشن سسٹم کو بہتر بنایاجارہاہے -انہوں نے کہاکہ پاکستان کی تاریخ میں اتنی ترقی کبھی نہیں ہوئی -