صحت کی سہولتوں کا دائرہ ملک کے ہر کونے تک پھیلانا چاہتے ہیں‘ نعمت اللہ خان

جمعرات 16 اپریل 2015 20:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16اپریل۔2015ء)صحت کی سہولتیں عام افراد تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں‘ صحت کی سہولتوں کا دائرہ ملک کے ہر کونے تک پھیلانا چاہتے ہیں۔ گلشن حدید میں الخدمت فریدہ یعقوب اسپتال (MCHC) کی تعمیرات کا کام آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ الخدمت فاؤنڈیشن سب آفس کے ماہانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہی۔

اجلاس میں اسسٹنٹ سیکرٹری اعجازاللہ خان‘ قمر محمد خان‘ راشد قریشی و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں کراچی میں کلیکشن پوائنٹس کے قیام‘ تھر کمپلیکس کی تعمیر‘ مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر اسپتال تھر‘ الخدمت فریدہ یعقوب اسپتال MCHC گلشن حدید و دیگر منصوبوں سے متعلق بات چیت کی گئی اور جاری منصوبوں پرکام کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

نعمت اللہ خان نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن صحت کے شعبے میں بڑے پیمانے پر کام کرنا چاہتی ہے اس کے لیے وسائل کی ضرورت ہے اب تک کیے گئے کاموں کو اپنے وسائل میں رہتے ہوئے مکمل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا الخدمت فاؤنڈیشن پر اعتماد کرتی ہے جس کی اصل وجہ اس کے کام ہیں۔ الخدمت حکومتوں کے کرنے کے کام کررہی ہے جس سے لوگوں کو ریلیف پہنچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کی سہولتیں ہر فرد کی ضرورت ہیں اور الخدمت ان سہولتوں کو عام افراد تک پہنچانے کا عزم رکھتی ہے۔