چیف سیکرٹری خضرحیات گوندل کی تمام ڈی سی اوز کو میرج ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت

جعلی ادویات کا کاروبار کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے،ڈی سی اوز کانفرنس سے خطاب اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کی نگرانی کے لئے موثر نظام وضع کیا جائے‘چیف سیکرٹری خضرحیات گوندل

جمعرات 16 اپریل 2015 23:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16اپریل۔2015ء) چیف سیکرٹری پنجاب خضرحیات گوندل نے تمام ڈی سی اوز کو ہدایت کی ہے کہ میرج ایکٹ پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، ون ڈش کی خلاف ورزی اورمقررہ اوقات کی پابندی نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اوراس سلسلے میں کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے -وہ آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں4گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی ڈی سی اوز کانفرنس کی صدارت کررہے تھے-چیف سیکرٹری نے کہا کہ میرج ایکٹ پر عملدرآمد سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا-انہوں نے ہدایت کی کہ معذور افراد کے کوٹہ کے تحت بھرتی کے عمل کو جلد مکمل کیا جائے- چیف سیکرٹری نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا سرمایہ ہیں ، ان کے مسائل کے حل کے لئے تمام محکمے اوورسیزپاکستانیز کمیشن پنجاب سے مکمل تعاون کریں-انہوں نے کہا کہ عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے -جعلی ادویات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے-انہوں نے کہا کہ جن اضلاع میں ڈینگی اور پولیو کا خطرہ موجود ہے وہاں ڈینگی اور پولیو مہم کو تیز کیا جائے- چیف سیکرٹری نے ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لئے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈی سی اوز تمام بندوں کا خود معائنہ کریں اور اس سلسلے میں تمام تیاریاں قبل از وقت مکمل کرلی جائیں-انہوں نے ہدایت کی کہ گندم کی خریداری مہم کو کامیاب بنانے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں-انہوں نے کہا کہ سیٹیزن فیڈ بیک ماڈل کا وہ خود ماہانہ بنیادوں پر جائزہ لیں گے اور ریونیو اور ڈومیسائل کے اجراء میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی-انہوں نے ہدایت کی کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کی نگرانی کے لئے موثر نظام وضع کیا جائے-

متعلقہ عنوان :