محکمہ صحت نے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور مریضوں کے لواحقین کے درمیان لڑائی جھگڑے کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کے لیے نئی پالیسی ترتیب دے دی

جمعہ 17 اپریل 2015 16:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء) محکمہ صحت نے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور مریضوں کی لواحقین کے درمیان لڑائی جھگڑے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے روک تھام کے لیے نئی پالیسی ترتیب دے دی ہے ۔محکمہ صحت نے ”ایک مریض ایک اٹنڈنٹ “کے نام سے نئی پالیسی متعارف کروا دی ہے ۔ وارڈ میں مریضوں کے لواحقین کے داخلے کے لیے خصوصی کارڈز جاری کیے جائیں گے ۔

محکمہ صحت نے تمام ہسپتالوں کے ایم ایس صاحبان کو اس نئی پالیسی پر عمل درآمد کے حوالے سے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ہسپتالوں میں مریضوں کے لواحقین اور عملے کے درمیان آئے روز لڑائی جھگڑے کے واقعات بڑھتے ہی جا رہے ہیں کہ جس پر ڈاکٹروں نے کئی دفعہ احتجاج بھی کیا لیکن حکومت اس حوالے سے کوئی لائحہ عمل نہ طے کر سکی ۔ اب ینگ ڈاکٹرز کے بھر پور احتجا ج اور سیکورٹی خدشات کے پیش نظرنئی پالیسی ترتیب دی ہے ۔

جس کے مطابق وارڈز میں داخل مریض سے ایک وقت میں ایک ہی لواحق موجود ہو گا ۔ ہسپتال انتظامیہ اس حوالے سے ہر وارڈ کے لیے الگ سے خصوصی کارڈز جاری کریں گے اور لواحقین کو یہ کارڈز فراہم کیے جائیں گے۔محکمہ صحت نے اس حوالے سے تمام ایم ایس صاحبان کو عمل درآمد کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔