پنجاب میں دینگی کا کوئی کنفرم مریض رپورٹ نہیں ہوا‘ مشیر صحت پنجاب

جمعہ 17 اپریل 2015 16:38

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء) مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ متعلقہ محکموں کی جانب سے سخت انڈور اور آؤٹ ڈور ڈینگی سرویلنس کے نتیجے میں لاہور ، راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں ڈینگی مچھر کا لاروا رپورٹ ہورہاہے تاہم ابھی تک ڈینگی کا کوئی کنفرم مریض رپورٹ نہیں ہوا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے اور ادارے انسداد ڈینگی اور عوامی آگاہی کے لیے سرگرمیاں پوری رفتار سے جاری رکھیں۔

انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ کمیٹی روم میں کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس کی صدار ت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں منتخب عوامی نمائندوں کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز، متعلقہ محکموں کے سینئر افسران، پبلک ہیلتھ کے ماہرین ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کی ڈاکٹر صومیہ اقتدار، پاکستان ریلوے ، محکمہ موسمیات اور سوئی نادرن کمپنی کے افسران نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں محکمہ صحت سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے انڈور اور آؤٹ ڈور ڈینگی سرویلنس، ویکٹر سرویلنس کی سرگرمیوں اور عوامی آگاہی کے لیے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ویڈیو لنک کے ذریعے کمشنر گوجرانوالہ، راولپنڈی ، سرگودھا، ملتان اور فیصل آباد نے بھی اپنے اپنے ڈویژن کے اضلاع میں انسداد ڈینگی کے اقدامات بارے تفصیلات بتائیں۔

ای ڈی او ہیلتھ لاہور نے بتایا کہ رواں ماہ ڈینگی ریگولیشنز کی خلاف ورزی پر 84ایف آئی آر درج کرائی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں رپورٹ ہونے والے ڈینگی لاروا کے خاتمے کے لیے بائیو لوجیکل اور کیمیکل کنٹرول ، دونوں طریقے بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ ڈینگی ایکسپرٹ گروپ کی ڈاکٹر صومیہ اقتدار نے بتایا کہ ریلوے کیئرن ہسپتال کے 6ڈاکٹر زکو ڈینگی مریض کی کلینکل مینجمنٹ بارے تربیت فراہم کردی گئی ہے۔

مزید برآں ریلوے اہل کاروں کو ڈینگی سرویلنس بارے بھی محکمہ صحت نے ٹریننگ دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پرائیویٹ ہسپتال ڈینگی کے مشتبہ مریضوں بارے معلومات فراہم کرنے میں تعاون نہیں کررہے اور ان کی جانب سے ڈیش بورڈ پر ڈیٹا اپ لورڈ نہیں کیا جارہا۔ خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ متعلقہ محکمے پرائیویٹ ہسپتالوں کی انتظامیہ سے رابطہ کر کے ان پر واضح کردیں کہ اگر انہوں نے مشتبہ مریضوں کا ڈیٹا اپ لوڈ فراہم کرنے میں لیت و لعل سے کام لیا تو نجی ہسپتالوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

کمشنر گوجرانوالہ نے بتایا کہ شہر میں دو جگہ سے ڈینگی لاروا رپورٹ ہوا ہے۔ محکمہ لوکل گورنمنٹ کے ڈپٹی سیکرٹری نے بتایا کہ صوبہ میں 27اپریل ہفتہ صفائی منایا جائے گا۔ محکمہ موسمیات کے نمائندے نے بتایا کہ رواں سال مون سون تاخیر سے شروع ہونے کا امکان ہے محکمہ پولیس کے افسر نے بتایا کہ ایس پی صاحبان سے ان کے ماتحت تھانوں ، دیگر جگہوں کے بارے ڈینگی لاروا کی عدم موجودگی کے سرٹیفکیٹ حاصل کئے جارہے ہیں۔

ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز نے بتایا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس فنکشنل اور ڈینگی وارڈ کے انتظامات مکمل ہیں اور ڈیکسٹران 40(Dextron 40)ڈرپس بھی دستیاب ہیں۔ پی آئی ٹی بی کے افسران نے بتایا کہ جنرل پریکٹشنرز نے بھی ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کے بارے معلومات ڈیش بورڈ پر فراہم کرنا شروع کردی ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ انسداد ڈینگی کی سرگرمیاں SOPs کے مطابق جاری رکھی جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ راولپنڈی میں ڈینگی سرویلنس پر خصوصی توجہ دی جائے ۔

متعلقہ عنوان :