25کروڑ روپے کی لاگت سے کلر کہار کے مقام پر ٹراما سنٹر تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ،انشاء اللہ جون تک اس کا باقاعدہ افتتاح ہوجائے گا، ضلع چکوال میں شرح خواندگی 84فیصد تک پہنچ چکی ہے ، صحت کے حوالے سے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے

مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک اسلم اعوان کا چکوال میں تقریب سے خطاب

ہفتہ 18 اپریل 2015 18:03

چکوال ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء )مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک اسلم اعوان نیکہا ہے کہ 25کروڑ روپے کی لاگت سے کلر کہار کے مقام پر ٹراما سنٹر تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ،انشاء اللہ جون تک اس کا باقاعدہ افتتاح ہوجائے گا، ضلع چکوال میں شرح خواندگی 84فیصد تک پہنچ چکی ہے ، صحت کے حوالے سے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ وہ ہفتہ کو حمزہ گروپ آف پٹرولیم کے زیر اہتمام سینئر صحافی خواجہ بابر سلیم محمود تمغہ امتیاز اور چیئرمین زکوة و عشر کمیٹی ضلع چکوال سلطان رضا جامی کے اعزاز میں منعقد ہونے والی تقریب پذیرائی میں صدارتی خطبہ دے رہے تھے۔

تقریب سے چکوال چیمبر آف کامر س کے صدر قاضی محمد اکبر، عظیم سماجی کارکن راجہ مجاہد افسر، معروف نعت خوان عبدالرزاق جامی ، راجہ محمد عمر، زیاد ظفر اعوان، عبدالحفیظ انجم، ملک آفتاب خیرپوری، خواجہ دانیال سلیم، محمد خان عاقل، پروفیسر عظمت جوگی، ملک اشتیاق احمد، خواجہ دانیال سلیم، شفقت یزدانی، حافظ وقار احمد، راجہ جاوید ڈنڈوت، سلطان رضا جامی، خواجہ بابر سلیم محمود اور ندیم اقبال نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

تقریب کے اختتام پر ڈی سی او چکوال محمود جاوید بھٹی نے بھی خصوصی شرکت کی انہوں نے سلطان رضا جامی ، خواجہ بابر سلیم محمود اور عبدالرزاق جامی کو شیلڈ پیش کی۔ خطبہ استقبالیہ ظفر محمود اعوان وہولہ نے پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ چکوال کیلئے بڑا اعزاز ہے کہ گزشتہ67سالوں میں پہلی بار ضلع چکوال کو سول ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا ہے اور بے شک خواجہ بابر سلیم محمود اس تمغہ امتیاز کے مستحق تھے ، انہوں نے سلطان رضا جامی سے بھی ان توقعات کا اظہار کیا کہ وہ بطور چیئرمین زکوة حقدار کو اس کا حق اس کی دہلیز پر جا کر فراہم کریں گے۔

مقررین نے خواجہ بابر سلیم محمود کی خدمات کا برملا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ بابر سلیم نے بے نواؤں کا زبان دی ہے اور جابر سلطان کے سامنے کلمہ حق کہنے کی روایت خواجہ بابر سلیم نے ڈالی ہے۔ مقررین نے کہا کہ بے شک اب ضلع چکوال جو پہلے شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین تھا اور اب اہل قلم کو تمغہ امتیاز ملنے سے یہ اہل علم اور اہل دانش کی سرزمین بھی بن چکا ہے۔

قاضی محمد اکبر نے اپنے خطاب میں کہا کہ بے شک اب اصل امتحان خواجہ بابرسلیم کا اب شروع ہوا ہے۔ عبدالرزاق جامی نے اس موقع پر خوبصورت نعت پڑھنے والے معذور نعت خوان ندیم اقبال کو عمرے کا ٹکٹ دینے کا اعلان کیا۔ ملک اسلم اعوان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ بے شک ضلع چکوال میں مثبت صحافت کے فروغ میں خواجہ بابر سلیم کا کردار نمایاں اور واضح ہے اور پسماندہ علاقے میں مطالعہ بینی اور اخبار بینی کا جو شعور خواجہ بابر سلیم نے پیدا کیا ہے یہی وجہ ہے کہ ضلع چکوال میں شرح خواندگی84فیصد تک پہنچ چکی ہے اور یہ ملک کے تین، چار بڑے اضلاع میں شامل ہوچکا ہے جو شرح خواندگی میں ملک کے 105اضلاع میں سب سے آگے ہیں۔

چیئرمین پریس کلب خواجہ بابر سلیم نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ یہاں کے شہیدوں اور غازیوں نے جرات ، بہادری اور دلیری کی جو داستانیں رقم کی ہیں یہ ان قربانیوں کا نتیجہ ہے کہ ضلع چکوال کو تمغہ امتیاز سے سرفراز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے شک یہ تمغہ ضلع چکوال کے 15لاکھ عوام کا ہے ۔ تقریب میں سابق رکن ضلع کونسل ریحانہ بابر، سابق رکن ضلع کونسل عاصمہ ظہیر، میڈم گوشی، بیگم لبیبہ عفت دانیال، ملک زاہد مبارزاعوان، کیپٹن(ر) محمد افضل، پیر وقار حسین شاہ، سابق یونین ناظم خیرپور راجہ غلام عباس، سابق چیئرمین ضلع کونسل جہلم ملک حبیب خان، ملک کاشف حبیب، سابق صدر تحصیل بار چوآسیدنشاہ، ملک آصف ایڈووکیٹ، افضال شازی اور عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔