صحت مند جسم کے بغیر تعلیم سمیت آدمی کسی شعبے میں کوئی کمال حاصل نہیں کر سکتا ‘سید آصف علی شاہ

لائنز کلب انٹر نیشنل کے ڈسٹرکٹ صدرکا انجمن فیض الاسلام کے تعلیمی اداروں کے ”بین المدارس سالانہ سپورٹس “ مقابلوں کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب

اتوار 19 اپریل 2015 11:54

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19اپریل۔2015ء) انجمن فیض الاسلام کے تعلیمی اداروں کے ”بین المدارس سالانہ سپورٹس “ مقابلوں کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے لائنز کلب انٹر نیشنل کے ڈسٹرکٹ صدر سید آصف علی شاہ نے کہا ہے کہ صحت مند جسم کے بغیر تعلیم سمیت آدمی کسی شعبے میں کوئی کمال حاصل نہیں کر سکتا اور سپورٹس کی سرگرمیاں نہ صرف طلبہ کی جسمانی و ذہنی نشوو نما کی بنیاد بنتی ہیں بلکہ ان کی شخصیت اور کردار کی تعمیر میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں ․ بین المدارس سپورٹس مقابلے انجمن فیض الاسلام کے مندرہ کیمپس میں منعقد ہو ئے ․ اس موقع پر صدر انجمن محمد صدیق اکبر میاں ، نائب صدر انجنئیر عبدالرزاق ، جنرل سیکریٹری راجا فتح خان ، سیکریٹری نشرو اشاعت محمد بدر منیر ، انجمن کے دوسرے عہدیداران ، انجمن کے سکولوں کے سربراہان اور طلباء وطالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ․ سید آصف علی شاہ نے کہا کہ لائنز کلب انٹرنیشنل انجمن فیض الاسلام کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا اور بالخصوص انجمن کے سکولوں کے طلبہ کو کھیلوں کی سہولیات کی فراہم کی جائیں گی ․ ہماری کوشش ہو گی کہ لائنز کلب انٹر نیشنل انجمن کی فلاحی اور رفاعی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اسے سالانہ گرانٹ دے ․ انہوں نے طلبہ کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ بچے ذہنی اور جسمانی صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں اور انجمن فیض الاسلام ان کی پرورش کے ساتھ ساتھ انہیں اعلی معیار کی تعلیم و تربیت فراہم کرکے معاشرے کی بہت بڑی خدمت انجام دے رہا ہے ․ اس موقع پر اپنے خطاب میں صدر انجمن محمد صدیق اکبر میاں نے کہا کہ ہم نے کھیلوں کو بچوں کی تعلیم کا لازمی حصہ بنایا ہوا ہے کیونکہ اس کے بغیر بچوں کی متوازن ذہنی و جسمانی نشو ونما نہیں ہو سکتی ․ انہوں نے کہا کہ کھیلوں سے بچوں میں نظم و ضبط اور برداشت جیسے اوصاف بھی پیدا ہوتے ہیں جو انہیں عملی زندگی میں رواداری اور نظم و ضبط پر کاربند کرتے ہیں ․ انجمن کے سیکریٹری نشر و اشاعت محمد بدر منیر نے اظہار تشکر کرتے ہوئے مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انجمن فیض الاسلام یتیم اور لاوارث بچوں کی پرورش اور تعلیم و تربیت کے حوالے سے ملک کا ایک معتبر ادارہ ہے جو ایک این جی او کے طور پر بغیر کسی حکومتی مدد کے صرف اور صرف مخیر لوگوں کے تعاون سے کام کر رہا ہے ․ بعد مہمان خصوصی سید آصف علی شاہ ، محمد صدیق اکبر میاں اور انجنئیر عبدالرزاق نے مختلف کھیلوں میں پوزیشنیں حاصل کرنے والے بچو ں کو انعامات دئیے ․ طلبہ نے رسہ کشی ، لانگ جمپ ، 100 میٹر اور 200 میٹر ریس ، چاٹی ریس اور دیگر کھیلوں میں اپنی مہارت کا بھر پور مظاہرہ کیا جسے حاضرین نے بے حد سراہا -

متعلقہ عنوان :